ایکس اے آئی نے گروک سے ویڈیو جنریشن اپ ڈیٹ کر دی

نیویارک: (ویب ڈیسک) ایلون مسک کی مصنوعی ذہانت کمپنی ایکس اے آئی نے اپنے چیٹ بوٹ گروک میں ویڈیو جنریشن فیچر گروک امیجن کو اپ گریڈ کرتے ہوئے 10 سیکنڈ کی ویڈیوز بنانے کی سہولت متعارف کرا دی ہے، جس میں بصری معیار، روانی اور آڈیو ہم آہنگی کو نمایاں طور پر بہتر بنایا گیا ہے۔

کمپنی کے مطابق نئے اپ ڈیٹ کے بعد گروک امیجن زیادہ واضح ویژولز، باریک تفصیلات اور مضبوط آڈیو آؤٹ پٹ کے ساتھ ویڈیوز تیار کرتا ہے، اس فیچر کو آئندہ چند دنوں میں عالمی سطح پر مختلف پلیٹ فارمز پر صارفین کیلئے دستیاب کیا جائے گا۔

نئے فیچر کے ذریعے صارفین چیٹ بوٹ کے اندر ہی طویل ویڈیو کلپس بنا سکتے ہیں، جس سے اضافی ٹولز کی ضرورت ختم ہوگئی ہے، اس اپ ڈیٹ کے بعد ویڈیو کی زیادہ سے زیادہ مدت 10 سیکنڈ کر دی گئی ہے، جبکہ اس سے قبل صارفین صرف 5 سیکنڈ کی ویڈیوز تک محدود تھے۔

ایکس اے آئی کے مطابق ویڈیو کی مدت میں اضافے کے ساتھ ساتھ ویڈیو اور آڈیو کوالٹی میں بھی بہتری لائی گئی ہے، تاہم فی الحال صارفین کو ویڈیو کی درست مدت خود طے کرنے کا اختیار دستیاب نہیں، کمپنی نے مستقبل میں مزید اپ ڈیٹس متعارف کرانے کا عندیہ دیا ہے۔

گروک ایپ اور ویب کے ذریعے یہ ٹول فی الحال مفت دستیاب ہے، اور تیز رفتار ویڈیو جنریشن کی وجہ سے مواد تخلیق کرنے والوں میں مقبول ہو رہا ہے، ابتدائی صارفین اسے سوشل میڈیا کیلئے فوری اور تخلیقی ویڈیوز بنانے کا مؤثر ذریعہ قرار دے رہے ہیں۔

گروک امیجن سے ویڈیو بنانے کا طریقہ
گروک امیجن کے ذریعے ویڈیو بنانے کیلئے صارفین درج ذیل مراحل پر عمل کر سکتے ہیں، سب سے پہلے ایکس پلیٹ فارم یا ایکس اے آئی کے سپورٹڈ پلیٹ فارمز پر گروک چیٹ بوٹ کھولیں، اس کے بعد ویڈیو جنریشن کیلئے امیجن فیچر کو فعال کریں، اب مکمل منظر، انداز اور ایکشن کی وضاحت کرتے ہوئے تفصیلی ٹیکسٹ پرامپٹ درج کریں۔

پرامپٹ جمع کرونے کے بعد گروک خودکار طور پر 10 سیکنڈ تک کی ویڈیو تیار کرے گا، ویڈیو تیار ہونے کے بعد صارف آؤٹ پٹ کا جائزہ لے سکتا ہے اور بہتر نتائج کیلئے پرامپٹ میں تبدیلی بھی کر سکتا ہے۔

آخر میں ویڈیو کو ڈاؤن لوڈ یا براہ راست شیئر کیا جا سکتا ہے، جس میں بہتر آڈیو اور ویڈیو کوالٹی شامل ہوتی ہے۔

ماہرین کے مطابق گروک امیجن کی یہ نئی پیشرفت جنریٹو ویڈیو کے شعبے میں ایک اہم سنگ میل ہے اور آنے والے وقت میں یہ ٹیکنالوجی ڈیجیٹل مواد سازی میں نمایاں تبدیلی لا سکتی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں