دبئی:آج 28 فروری کو نایاب 6 سیاروں کی پریڈ، شام 7 بج کر 45 منٹ پر دلکش نظارہ

دبئی: (سید مدثر خوشنود) دبئی سمیت متحدہ عرب امارات کے آسمان پر آج 28 فروری کی شام ایک نایاب فلکیاتی منظر دیکھنے کو ملے گا، جب چھ سیارے ایک ترتیب میں نظر آئیں گے۔

 ماہرین کے مطابق یہ منظر شام تقریباً 7 بج کر 45 منٹ پر واضح ہونا شروع ہوگا اور صاف موسم کی صورت میں شہری اسے کھلی آنکھ یا دوربین کی مدد سے دیکھ سکیں گے۔
فلکیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس طرح کی سیاروں کی پریڈ کم ہی دیکھنے کو ملتی ہے کیونکہ مختلف سیاروں کا ایک ہی خط میں یا قریب قریب نظر آنا مخصوص مداری ترتیب کا نتیجہ ہوتا ہے، ایسے مواقع فلکیات میں دلچسپی رکھنے والوں، طلبہ اور خاندانوں کے لیے ایک تعلیمی اور سائنسی تجربہ فراہم کرتے ہیں۔

ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ شہری شہر کی تیز روشنی سے دور، کھلے اور کم روشنی والے مقامات کا انتخاب کریں تاکہ نظارہ واضح ہو سکے، دوربین یا سادہ فلکیاتی ایپ کی مدد سے سیاروں کی شناخت آسان بنائی جا سکتی ہے۔

یہ فلکیاتی واقعہ محدود وقت کے لیے ہوگا، اس لیے شوقین افراد کو مقررہ وقت پر آسمان کا رخ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، ماہرین کے مطابق ایسے مناظر کائنات کی وسعت اور سائنسی شعور کو فروغ دینے کا ایک مؤثر ذریعہ بھی بنتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں