بلوچستان کی خواتین ارکان اسمبلی کا ترکیہ کا دورہ، تعلقات مضبوط بنانے پر اتفاق

استنبول: (ویب ڈیسک) بلوچستان کی خواتین ارکان اسمبلی نے ترکیہ کا دورہ کیا، دورہ کے دوران دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی، سفارتی، معاشی اور عوامی سطح پر تعلقات کو مزید فروغ دینا تھا۔

وفد کی قیادت بلوچستان عوامی پارٹی کی رہنما اور صدر ویمن ونگ بی اے پی فرح عظیم شاہ ایم پی اے نے کی، وفد میں سلمیٰ کاکڑ ایم پی اے (اے این پی)، ہادیہ نواز ایم پی اے (مسلم لیگ ن) اور کلثوم ایم پی اے (نیشنل پارٹی) شامل تھیں۔

دورے کے دوران وفد نے ترکیہ کی اعلیٰ سیاسی قیادت اور پارلیمانی نمائندوں سے متعدد اہم ملاقاتیں کیں جن میں دوطرفہ تعاون، نوجوانوں کی ترقی، تعلیم، سرمایہ کاری اور مثبت بیانیے کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفد نے ترک صدر رجب طیب اردگان کی جماعت اے کے پارٹی کی قیادت سے ملاقات کی جس میں پاکستان اور ترکیہ کے برادرانہ تعلقات، پارلیمانی تعاون اور علاقائی ترقی کے امور زیرِ بحث آئے، اس موقع پر وفد نے سعدت پارٹی کے نائب صدر اور ترک قومی اسمبلی کے نیٹو گروپ کے رکن سینیٹر ڈاکٹر مصطفیٰ کایا سے بھی ملاقات کی۔

فرح عظیم شاہ نے ملاقات کے دوران بلوچستان کی سٹریٹجک اہمیت، قدرتی وسائل، اور ترقیاتی امکانات پر روشنی ڈالی اور کہا کہ بلوچستان سسٹین ایبل ڈیویلپمنٹ انیشی ایٹو (بی ایس ڈی آئی) جیسے منصوبے صوبے کے ترقیاتی منظرنامے کو تیزی سے تبدیل کر رہے ہیں۔

انہوں نے ترکیہ کو بلوچستان میں مائنز اینڈ منرلز،انفراسٹرکچر، نوجوانوں کی مہارتوں کے فروغ اور تعلیم کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی، جبکہ ترک جامعات میں پاکستانی بالخصوص بلوچ طلبہ کے لئے سکالر شپس کی فراہمی کی بھی درخواست کی۔

ترک قیادت نے عالمی میڈیا میں بلوچستان کے منفی تاثر پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کے خلاف منفی پراپیگنڈے کا حصہ ہے جبکہ زمینی حقائق اس کے بالکل برعکس ہیں۔ملاقاتوں کے دوران پاکستان اور ترکیہ کے مابین مشترکہ تھنک ٹینک اور ورکنگ گروپ کے قیام پر بھی اتفاق کیا گیا، جس کا مقصد پالیسی سطح پر تعاون، سرمایہ کاری کے مواقع، نوجوانوں کے تبادلے کے پروگرام اور جعلی خبروں و منفی پروپیگنڈے کا مؤثر مقابلہ کرنا ہے۔

دونوں ممالک کے درمیان مستقبل میں مزید اعلیٰ سطحی ملاقاتوں اور باقاعدہ روابط پر بھی اتفاق کیا گیا، سیاسی مبصرین کے مطابق یہ دورہ پاک ترک تعلقات میں ایک اہم پیش رفت ہے جوپارلیمانی سفارتکاری، خواتین قیادت کے کردار، نوجوانوں کی ترقی اور بلوچستان کے مثبت تشخص کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں