ابوظہبی میں روس اور یوکرین کے مذاکرات تعمیری قرار، اگلا دور یکم فروری کو ہوگا

دبئی / ابوظہبی (سید مدثر خوشنود سے) یوکرین نے ابوظہبی میں روس کے ساتھ ہونے والے حالیہ مذاکرات کو تعمیری قرار دیا ہے، جن میں دونوں فریقین نے جاری تنازع کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔۔

یوکرینی حکام کے مطابق ان مذاکرات میں اہم معاملات پر پیش رفت ہوئی اور بات چیت کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، دونوں جانب سے اس امر کی تصدیق کی گئی کہ مذاکرات کا اگلا مرحلہ یکم فروری کو منعقد کیا جائے گا، جس میں زیرِ بحث نکات کو مزید آگے بڑھایا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق ان مذاکرات میں انسانی صورتحال، کشیدگی میں کمی اور ممکنہ سیاسی راستوں پر غور کیا گیا، یو اے ای نے بات چیت میں میزبان اور سہولت کار کا کردار ادا کرتے ہوئے فریقین کو مکالمے کے لیے ایک غیر جانبدار اور محفوظ ماحول فراہم کیا۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر مذاکرات کا یہ سلسلہ اسی طرح جاری رہا تو عالمی سطح پر امن کوششوں کو تقویت مل سکتی ہے، متحدہ عرب امارات کی سفارتی میزبانی ایک بار پھر اس کے بین الاقوامی کردار اور تنازعات کے پرامن حل میں شراکت کو نمایاں کر رہی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں