روس نے 1000فوجیوں کی لاشیں یوکرین کو واپس کر دیں
کیف(اے ایف پی،دنیا مانیٹرنگ)یوکرینی حکام نے بتایا ہے کہ۔۔۔
روس نے ایک ہزار افراد کی باقیات واپس کی ہیں۔ ماسکو حکومت کے مطابق یہ ان فوجیوں کی باقیات ہیں، جو روس کے خلاف جاری جنگ میں مارے گئے تھے ۔روسی صدر کے دفتر کریملن کی طرف سے لاشوں کے تبادلے کی تصدیق کرتے ہوئے ٹیلی گرام پر پر ایک بیان جاری کیا گیا، جس میں کہا گیا کہ ماسکو کو ہلاک شدہ 38 روسی فوجیوں کی باقیات موصول ہوئی ہیں۔ادھر یوکرین کے جنوبی علاقے میں روسی ڈرون حملوں میں دو خواتین اور ایک مرد ہلاک جبکہ ایک شخص زخمی ہو گیا۔روسی صدر پیوٹن نے یوکرین جنگ بندی سے متعلق مذاکرات کے دوسرے مرحلے سے قبل ماسکو میں متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کی۔ صدر پیوٹن نے یوکرینی بحران میں اماراتی کردار کو سراہا۔ اماراتی صدر نے بھی سفارتی حل کے لیے تعمیری مکالمے کی حمایت کا اعادہ کیا۔روس کے چیچن علاقے کے سربراہ رمضان قادریوف نے کہا ہے کہ وہ یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات کے خلاف ہیں اور روس کو جنگ جاری رکھنی چاہیے ۔ رمضان قادریوف نے کریملن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرا خیال ہے کہ جنگ کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانا چاہیے ۔