متحدہ عر ب امارات اور سعودی عرب میں مصالحت کی کوششیں
دونوں کے اعلٰی سطحی سفارتی رابطے معطل ،بحرین اور مصر کشیدگی ختم کرانے میں مصروف
ریاض (اے ایف پی) بحرین اور مصر متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کے درمیان کشیدگی کو ختم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، دو ذرائع نے اے ایف پی کو بتایا کہ یہ کوشش عرب دنیا کے سب سے طاقتور ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات میں دراڑ پیدا ہونے کے کئی ہفتوں بعد سامنے آئی ہے ۔سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے درمیان اختلافات دسمبر میں منظر عام پر آئے ، جب سعودی عرب نے اپنے ہمسایہ ملک پر الزام لگایا کہ وہ یمنی علیحدگی پسندوں کی حمایت کر کے اسکی قومی سلامتی کو خطرے میں ڈال رہا ہے ، جنہوں نے مختصر زمینی قبضہ کیا تھا۔سعودی حکومت کے ایک قریبی ذریعہ نے کہا کہ مصالحت کی ضرورت نہیں، کیونکہ دونوں ممالک کے درمیان براہِ راست رابطے کھلے ہیں۔
متعدد ذرائع نے بتایا کہ اگرچہ ریاض اور ابوظہبی نے تعلقات منقطع نہیں کیے ، لیکن دسمبر کے آخری ہفتے کے بعد سے اعلیٰ سطح کے سفارتی رابطے معطل ہیں ۔ایک خلیجی عہدیدار جو حساس معاملات پر بات کرنے کے لیے گمنامی چاہتے تھے ، نے کہاکہ بحرین سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے درمیان جاری غلط فہمی کو ختم کرنے کے لیے مصالحت کی قیادت کر رہا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ مقصدخلیج کے ممالک کے درمیان فاصلہ کم کرنا اور نقطۂ نظر قریب لانا ہے ۔ایک خلیجی علاقائی ذریعہ نے کہاکہ مصر ایک طرح کا ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے اور سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے درمیان پیغامات پہنچا رہا ہے ۔