بنگلہ دیش :انتخابی کامیابی جمہوریت کیلئے قربانی دینے والوں کے نام
تمام لوگ اختلافات بھلا کر قومی مفاد میں متحد رہیں:سربراہ بی این پی طارق رحمٰن نتائج قبول :امیر جماعت اسلامی بنگلہ دیش،انتخابات شفاف تھے :یورپی یونین مبصرین
ڈھاکہ(اے ایف پی،دنیا مانیٹرنگ)بنگلہ دیش کے متوقع وزیر اعظم طارق رحمٰن نے اپنی تاریخی انتخابی فتح کو ان لوگوں کے نام کیا ہے جنہوں نے جمہوریت کیلئے قربانی دی۔انہوں نے کہا کہ نئی حکومت معاشی مشکلات، کمزور آئینی ادارے اور قانون کی خلاف ورزیوں کے باوجود ملک میں جمہوریت قائم کرے گی۔ انہوں نے اپیل کی کہ ملک کے تمام لوگ اپنے اختلافات بھلا کر قومی مفاد میں متحد رہیں۔جماعتِ اسلامی نے عام انتخابات میں مجموعی نتائج کو تسلیم کرنے کا اعلان کر دیا۔ امیر جماعت اسلامی بنگلہ دیش ڈاکٹر شفیق الرحمٰن نے کہا ہے کہ نتائج کو قبول کرتے ہیں، ہم قانون کی حکمرانی کا احترام کرتے ہیں۔واضح رہے 12فروری کو ہونے والے انتخابات میں طارق رحمٰن کی سربراہی میں بی این پی نے 222 جبکہ جماعت اسلامی نے 77 نشستیں حاصل کیں۔
یورپی یونین کے مبصرین نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش کے پارلیمانی انتخابات قابلِ بھروسہ اور شفاف تھے ۔ یورپی یونین کے مبصر ٹیم کے سربراہ ایوارس ایجابس نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 2026 کے انتخابات جمہوری حکومت اور قانون کی بالادستی کی بحالی کی جانب ایک اہم قدم ہیں اور انتخابی عمل کو مو ثر انداز میں منظم کیا گیا۔بنگلہ دیش کے عبوری رہنما اور نوبل انعام یافتہ محمد یونس نے آئندہ کے وزیر اعظم طارق رحمن کو ان کی جماعت کی تاریخی فتح پر مبارکباد دی۔ 85 سالہ یونس نے اگست 2024 کی بغاوت کے بعد عبوری "چیف ایڈوائزر" کے طور پر بنگلہ دیش کی قیادت کی،انہوں نے کہا کہ طارق رحمان ملک کو استحکام اور ترقی کی راہ پر لے جانے میں مدد کریں گے ۔