اسرائیل نے مسجد الاقصیٰ کے سینئر امام کو داخلے سے روک دیا
یرو شلم،ریاض (اے ایف پی،دنیا مانیٹرنگ) مسجد الاقصیٰ کے سینئر امام محمد العباسی نے بتایا ہے کہ اسرائیلی حکام نے انہیں کمپاؤنڈ میں داخل ہونے سے روک دیا ہے ، انہیں پابندی کی وجہ بھی نہیں بتائی گئی۔۔۔
اسرائیلی پولیس نے منگل کو اعلان کیا ہے کہ رمضان المبارک میں مسجد الاقصیٰ میں عبادت کیلئے 10ہزار پرمٹ فلسطینیوں کیلئے جاری کیے جائیں گے ، لیکن عمر کی پابندیوں کے بارے میں وضاحت نہیں کی۔ فلسطینی حکومت نے مرد وں کے پرمٹ 55 سال سے زائد اور خواتین کے 50 سال سے زائد تک محدود ہونے کی اطلاع دی ہے ۔پاکستان سمیت 8اسلامی ممالک نے مقبوضہ مغربی کنارے کی زمینوں کو ریاستی اراضی قرار دینے کے اسرائیلی فیصلے کی مذمت کی ہے ۔ سعودی وزارتِ خارجہ کی جانب سے مشترکہ بیان جاری کیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کا 1967 کے بعد پہلی بار مقبوضہ مغربی کنارے کی اراضی کی رجسٹریشن اور ملکیت تصفیے کی منظوری غیر قانونی اقدام ہے ۔ سعودی عرب، اردن، یو اے ای، قطر، انڈونیشیا، پاکستان، مصر اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ نے اسرائیلی فیصلے کی مذمت کی ہے ۔ مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ اسرائیلی فیصلہ غیرقانونی بستیوں کی توسیع، زمینوں پر قبضے اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں پر کنٹرول مضبوط کرنے کی سنگین کوشش ہے ۔ اسرائیلی اقدام بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے ۔ مشترکہ بیان کے مطابق اسرائیلی اقدام دو ریاستی حل کی راہ میں رکاوٹ ہے ۔