بل گیٹس کا 2 روسی خواتین سے تعلقات کا اعتراف

بل گیٹس کا 2 روسی خواتین سے تعلقات کا اعتراف

جیفری ایپسٹین کیساتھ تعلق بڑی غلطی تھی، جرائم میں شمولیت سے انکار ایپسٹین کیساتھ تعلق نے میری فلاحی تنظیم کے کاموں کو متاثر کیا:گفتگو

واشنگٹن(دنیا مانیٹرنگ)مائیکرو سافٹ کے شریک بانی بل گیٹس نے اعتراف کیا ہے کہ جیفری ایپسٹین کے ساتھ وابستگی ایک بہت بڑی غلطی تھی۔انہوں نے اپنی فلاحی تنظیم کے عملے کو بتایا کہ ان کے دو روسی خواتین کے ساتھ تعلقات رہے ، تاہم انہوں نے بدنام زمانہ مالیاتی شخصیت ایپسٹین کے جرائم میں کسی بھی قسم کی شمولیت سے انکار کیا۔مائیکروسافٹ کے شریک بانی ان نمایاں شخصیات میں شامل ہیں جن کے نام امریکی محکمہ انصاف کی جانب سے جاری کردہ دستاویزات میں سامنے آئے ،گیٹس فاؤنڈیشن کے عملے کے ساتھ منگل کو منعقدہ ایک ٹاؤن ہال اجلاس میں، جس کی ریکارڈنگ کا جائزہ دی وال سٹریٹ جرنل نے لیا ہے ، بل گیٹس نے افسوس کا اظہار کیا کہ ایپسٹین کے ساتھ ان کے تعلق نے ان کی فلاحی تنظیم کے کام کو متاثر کیا۔انہوں نے کہا ایپسٹین کے ساتھ وقت گزارنا ایک بہت بڑی غلطی تھی،ان لوگوں سے معذرت خواہ ہوں جو میری اس غلطی کی وجہ سے اس معاملے میں گھسیٹے گئے ۔محکمہ انصاف کی جانب سے جاری کردہ دستاویزات میں شامل ایک ای میل میں ایپسٹین نے الزام لگایا کہ گیٹس کے غیر ازدواجی تعلقات تھے ، ان کا تعلق ‘بل کو منشیات حاصل کرنے میں مدد دینے سے لے کر، روسی لڑکیوں کے ساتھ تعلقات کے نتائج سے نمٹنے تک، اور شادی شدہ خواتین کے ساتھ ان کی خفیہ ملاقاتوں کو آسان بنانے تک پھیلا ہوا تھا۔70 سالہ گیٹس نے ٹاؤن ہال میں دو تعلقات کا اعتراف کیا۔انہوں نے کہا میرے تعلقات تھے ، ایک روسی برج کھلاڑی کے ساتھ جو مجھے برج کے مقابلوں میں ملی، اور ایک روسی جوہری طبیعیات دان کے ساتھ جن سے میری ملاقات کاروباری سرگرمیوں کے ذریعے ہوئی۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں