آئی ای اے کی 40کروڑ بیرل تیل جاری کرنے کی منظوری

آئی ای اے کی 40کروڑ بیرل تیل جاری کرنے کی منظوری

32رکن ملکوں نے تیل کی فراہمی کیلئے اتفاق رائے سے ووٹ دیا:فاتح بیرول تیل کی فی بیرل قیمت 200ڈالر تک پہنچنے کیلئے تیار ہو جائیں:ایران کی دھمکی

 پیرس ،تہران (مانیٹرنگ ڈیسک )بین الاقوامی توانائی ایجنسی (آئی ای اے )کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر فاتح بیرول نے اعلان کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کی بندش کے باعث ہونے والی تیل کی کمی کو پورا کرنے کیلئے آ ئی اے ای اے نے 40 کروڑ بیرل تیل جاری کرنے کی منظوری دے دی ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ آئی ای اے ممالک نے ہماری ایجنسی کی تاریخ میں تیل کے ہنگامی ذخائر کی اب تک کی سب سے بڑی ریلیز شروع کرنے کیلئے تمام 32رکن ممالک نے اتفاقِ رائے سے ووٹ دیا ۔ فاتح بیرول کاکہناتھاکہ تیل کی منڈی کو جس پیمانے کے چیلنجوں کا سامنا ہے اس کی مثال نہیں ملتی ہے ،تیل کا ہنگامی سٹاک مارکیٹ میں ہر رکن ملک کے قومی حالات کے مطابق مقررہ وقت پر دستیاب ہو گا۔یہ چھٹا موقع ہے جب آ ئی  ای اے نے تیل کے ذخائر کے مربوط اجرا کی منظوری دی ہے ، اس سے قبل 1991، 2005، 2011 جبکہ 2022 میں دو بار ایسا کیا جا چکا ہے ۔

دوسری طرف ایران کی مشترکہ فوجی کمان خاتم الانبیا کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ تیل کی فی بیرل قیمت 200 ڈالر تک پہنچنے کیلئے تیار ہو جائیں کیونکہ تیل کی قیمت کا انحصار علاقائی سلامتی پر منحصر ہے جسے آپ نے غیر مستحکم کیا ہے ،ان کاکہناتھاکہ ایران نے جوابی حملوں کی پالیسی ختم کر دی،تہران کی پالیسی اب پے در پے حملوں کی ہوگی۔ تہران ایک لٹر تیل بھی آبنائے ہرمز سے گزر کر امریکا، اسرائیل اور ان کے شراکت داروں تک پہنچنے نہیں دے گا،ان کی جانب جانے والا کوئی بھی جہاز یا ٹینکر ایک جائز ہدف تصور ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں