غزہ اور لبنان پر اسرائیلی بمباری ،19شہید ،کئی زخمی
رواں ماہ لبنان پر اسرائیلی حملوں میں2020 افراد شہید ،6436زخمی لندن میں اسرائیل کیخلاف ہزاروں افراد کا احتجاج،212مظاہرین گرفتار
غزہ ،بیروت ،لندن(اے ایف پی)غزہ ،مغربی کنارے اور لبنان پر اسرائیلی بمباری و فائرنگ سے 19 افراد شہید اور کئی زخمی ہو گئے ۔ غزہ ریسکیو سروس نے ہفتے کو بتایا کہ اسرائیلی فضائی حملوں میں 7افراد شہید اور کئی زخمی ہوئے ۔زخمیوں میں سے 4 کی حالت تشویشناک ہے ۔مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادکاروں کی فائرنگ سے 23 سالہ علی ماجد حماد شہید ہوگئے ۔ جنوبی لبنان میں اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں 11 افراد شہید اور 9 زخمی ہوگئے ۔شہدا میں طبی کارکن اور شہری دفاع کے 3 اہلکار بھی شامل ہیں۔ اسرائیلی فوج نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں حزب اللہ کے 200 سے زائد اہداف پر فضائی اور زمینی حملے کیے۔لبنانی وزارت صحت نے ہفتے کو بتایا کہ اسرائیلی حملوں میں اب تک 2020 افراد شہید ہو چکے ، جن میں 248 خواتین، 165 بچے اور 85 طبی عملہ کے افراد شامل ہیں۔ 6436 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ یہ اعداد و شمار رواں ماہ کے شروع میں حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ کے بعد لبنان میں ہونے والے انسانی نقصان کی عکاسی کرتے ہیں۔
لندن پولیس نے ہفتے کو فلسطین ایکشن کے حمایتی 212 مظاہرین کو گرفتار کر لیا۔ مظاہرین نے ٹریفالگر اسکوائر پر اسرائیل کیخلاف احتجاج کیا ،بینرز پر تحریر تھا کہ" میں نسل کشی کے خلاف ہوں، فلسطین ایکشن کی حمایت کرتا ہوں۔گرفتار ہونے والے افراد کی عمریں 27 سے 82 سال کے درمیان تھیں۔مظاہرین نے پرامن انداز میں زمین پر بیٹھ کر احتجاج کیا، لیکن کچھ نے پولیس کیخلاف 'شرم کرو' کے نعرے بھی لگائے ۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ حکومت اپنی قانونی دلیل بدل سکتی ہے لیکن ہمارے اخلاقی اصول مستقل ہیں۔جنوبی کوریا کے صدر لی جے میونگ نے اسرائیل پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے الزامات پر غور نہ کرنے کا الزام عائد کیا ہے ، صدر لی نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو کے حوالے سے سوال اٹھایا، جس میں اسرائیلی فوجی ایک فلسطینی بچے کو چھت سے دھکیلتے دکھائی دے رہے تھے ۔ لی نے کہا مجھے دیکھنا ہوگا کہ یہ درست ہے یا نہیں، اور اگر ہے تو کیا اقدامات کیے گئے ہیں؟