بھارت بی ایل اے ، ٹی ٹی پی کاسرپرست:ریٹائرڈ بھارتی کرنل
افغانستان پناہ ، اسرائیل ان دہشتگردتنظیموں کو ٹیکنالوجی ، انٹیلی جنس دے رہا بھارت، افغانستان ،اسرائیل ملکر پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتے :راجیش پوار
نئی دہلی (اے پی پی)بھارتی فوج کے ایک ریٹائرڈکرنل نے انکشافات کرتے ہوئے کہاہے کہ بھارت بی ایل اے اور ٹی ٹی پی کی فنڈنگ ،افغانستان انہیں پناہ جبکہ اسرائیل ان دہشتگردتنظیموں کو ٹیکنالوجی اور انٹیلی جنس دے رہا ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں ریٹائرڈ کرنل راجیش پوار نے کہا کہ بھارت،افغانستان اور اسرائیل تینوں کا نشانہ پاکستان اور کچھ حد تک ایران ہے ۔ بھارت، افغانستان اور اسرائیل مل کر پاکستان کو بدنام ، تباہ اور غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں ۔پوڈ کاسٹ میں راجیش پوار نے کھلے عام اعتراف کیا کہ بھارت، اسرائیل کے ساتھ گٹھ جوڑ کرکے بدنامِ زمانہ دہشت گرد تنظیموں بی ایل اے اور ٹی ٹی پی کو اسلحہ، مالی وسائل اور ہر قسم کی معاونت فراہم کر رہا ہے ۔ دونوں عالمی سطح پر نامزد دہشت گرد تنظیمیں پاکستانی سرزمین پر لاتعداد خونریز حملوں اور دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث ہیں۔ کرنل راجیش پوار کے تہلکہ خیز اور چشم کشا اعتراف نے بھارت کے برسوں پر محیط دہشت گردی پر مبنی خفیہ ایجنڈے کا پردہ فاش کر دیا ہے ۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ بھارت اور اسرائیل مل کر بی ایل اے اور ٹی ٹی پی جیسے عالمی سطح پر نامزد دہشت گرد گروہوں کو مالی معاونت، اسلحہ اور عملی پشت پناہی فراہم کر رہے ہیں جو پاکستان کے اندر خونریزی، تخریب کاری اور بدامنی پھیلا رہے ہیں