ایرانی حملے دہشتگردی:امارات،سلامتی کیلئے خطرہ:سعودیہ
حملے کویت اور مملکت بحرین کی خودمختاری کی واضح خلاف ورزی :یو اے ای
ریاض، دبئی(مانیٹرنگ ڈیسک)سعودی عرب اور متحدہ امارات نے بحرین اور کویت پر ایرانی حملوں کی مذمت کی ہے ، سعودی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ایران کی جارحیت علاقائی اور بین الاقوامی سلامتی کے لیے خطرہ ہے ۔ایران کے جاری حملے سلامتی کی بحالی کیلئے بین الاقوامی کوششوں کو سبوتاژ کرتے ہیں۔سعودی عرب نے بحرین اور کویت کی جانب سے اپنی سلامتی کے تحفظ کے لیے کئے جانے والے اقدامات کی حمایت کا اعادہ کیا۔وزارت نے بیان میں کہا ایران کے جاری حملوں کا مطلب کشیدگی کو بڑھانا ہے ۔متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا بحرین اور کویت پر ایران کے میزائل اور ڈرون حملے دہشت گردی کی کارروائیاں ہیں۔
ہم سخت ترین الفاظ میں برادر ممالک کویت اور مملکتِ بحرین کے خلاف ایران کے دہشت گردانہ حملوں کی مذمت کرتے ہیں، جنہیں میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایا گیا۔بیان میں کہا گیا کہ یہ حملے کویت اور مملکتِ بحرین کی خودمختاری کی واضح خلاف ورزی ہیں، جو ان ممالک کی سلامتی اور استحکام کے لیے خطرہ ہیں۔وزارت نے کویت اور مملکتِ بحرین کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات ایسے ہر اقدام کی حمایت کرتا ہے جو ان ممالک کی سلامتی اور استحکام کو برقرار رکھنے میں معاون ہو۔