عدالتی حکم پر کینیڈی سنٹر سے ٹرمپ کا نام ہٹا دیاگیا
واشنگٹن (اے ایف پی،اے پی)امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں گزشتہ روز عدالتی حکم پر مشہور جان ایف کینیڈی سنٹر فار دی پرفارمنگ آرٹس کی عمارت سے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا نام ہٹا دیا گیا۔۔۔
ایک وفاقی جج نے ادارے کا نام تبدیل کرکے ٹرمپ کے نام سے منسوب کرنے کے اقدام کو غیر قانونی قرار دے دیا اوراس فیصلے کے خلاف اپیل کو بھی رد کردیاتھا۔ ادارے کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر میٹ فلوکا نے عدالتی دستاویزات میں کہا کہ عمارت اور اس کے احاطے سے ٹرمپ کے نام پر مشتمل تمام نمایاں سائن بورڈز ہٹا دئیے گئے ہیں ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اس منظر کو دیکھنے کیلئے بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے جو تالیاں بھی بجاتے رہے جبکہ ہزاروں افراد نے آن لائن لائیو سٹریم کے ذریعے بھی یہ منظر دیکھا۔
دوسری طرف ایک جج نے فیصلہ دیا ہے کہ وائٹ ہاؤس کو اس ہفتے کے اختتام پر جنوبی لان میں یو ایف سی کے مقابلوں کے انعقاد کی اجازت ہے ۔ یہ خصوصی تقریب امریکا کی 250ویں سالگرہ اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی 80ویں سالگرہ کے موقع پر منعقد کی جا رہی ہے ۔امریکی ضلعی جج امیت مہتا نے ایک قانونی تنظیم کی جانب سے دائر درخواست مسترد کر دی، جس میں اتوار کو ہونے والے یو ایف سی مکسڈ مارشل آرٹس ایونٹ کو وائٹ ہاؤس کے احاطے میں منعقد کرنے سے روکنے کی استدعا کی گئی تھی۔