فرانس میں گرمی کا تاریخی ریکارڈ ، 40افراد ڈوب کر ہلاک

 فرانس میں گرمی کا تاریخی ریکارڈ ، 40افراد ڈوب کر ہلاک

ملک بھر میں نظام زندگی درہم برہم ہوگیا ، صورتحال سے نمٹنے کیلئے وزرا کا ہنگامی اجلاس لوور میوزیم ، ایفل ٹاور وقت سے پہلے بند، پیرس میں آدھے گھنٹے میں تمام پنکھے فروخت

پیرس (اے ایف پی)فرانس میں قیامت خیز گرمی نے پچھلے تمام ریکارڈ توڑ دئیے ، پیر اور منگل کی درمیانی رات ملک کی تاریخ کی گرم ترین رات ریکارڈ کی گئی۔ دوسری جانب گرمی سے بچنے کے لیے دریاؤں اور نہروں کا رخ کرنے والے 40 افراد ڈوب کر ہلاک ہو  چکے ہیں۔وزیرِ اعظم سباسٹیان لیکورنو نے منگل کے روز صورتحال سے نمٹنے کے لیے وزرا کا ایک ہنگامی کرائسز اجلاس طلب کیا اور ان ہلاکتوں کو ایک خوفناک آفت قرار دیا۔گزشتہ ہفتے سے جاری جان لیوا ہیٹ ویو نے فرانس میں نظام زندگی کو درہم برہم کر دیا ہے ۔ گرمی کی شدت کے باعث ملک بھر میں بڑے پیمانے پر سکول بند کر دئیے گئے ہیں اور ٹرینوں کی آمد و رفت منسوخ کی جا رہی ہے تاکہ کسی بڑے حادثے سے بچا جا سکے ۔ پیرس کے مشہورِ زمانہ لوور میوزیم کی انتظامیہ نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے اسے مقررہ وقت سے دو گھنٹے قبل ہی بند کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ ایفل ٹاور کی بھی منگل کے روز وقت سے پہلے بندش کا فیصلہ کر لیا گیا ۔پیرس کے سٹورز میں شدید گرمی کے باعث محض 30 منٹ میں تمام پنکھے فروخت ہو گئے تھے ۔یورپ کو جھلسانے والی گرمی کی شدید لہر کے باعث اٹلی کی وزارت صحت نے منگل کے روز دارالحکومت روم اور میلان سمیت ملک کے 15 بڑے شہروں میں گرمی کا ہائی الرٹ جاری کر دیا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں