پٹرولیم سبسڈی کیلئے آئی ایم ایف کو منالیا، جلد پیش رفت ہوگی : شہباز شریف
جی ڈی آئی 2030چینی صدر کا دوراندیش اقدام،چیلنجز کے مقابلے کیلئے کثیرالجہتی تعاون درکار:وزیراعظم جغرافیائی سیاسی کشیدگی میں اضافے نے ترقی پذیر ممالک کی کامیابیوں کو خطرے سے دوچار کردیا:خطاب
نیویارک (اے پی پی،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی کیلئے آئی ایم ایف کو منالیا ہے اور اب جلد سبسڈی کے حوالے سے پیشرفت ہوگی۔ٹی وی کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے بعد امریکا سے لندن روانگی سے قبل صحافی سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے بتایا کہ ایم ڈی آئی ایم ایف کو منانے میں بڑی کامیابی ملی ہے جس کے بعد جلد عوام کو پٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی دینے کے حوالے سے پیشرفت ہوگی۔انہوں نے کہا وہ ملک میں ہونے والی نئے صوبوں سے متعلق بحث کے حوالے سے باخبر ہیں۔سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے مشترکہ دفاعی معاہدے کے حوالے سے وزیراعظم نے واضح کیا کہ ایک پر حملہ سب پر حملہ ہے ، شہباز شریف نے پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ معاہدے پر عملدرآمد کیلئے عزم کا اظہار بھی کیا۔قبل ازیں چین کے نائب صدر ہان ژینگ کی میزبانی میں عالمی ترقیاتی اقدام پر اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا پاکستان چینی صدر شی جن پنگ کے دور اندیش اقدام گلوبل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو(جی ڈی آئی)کا پختہ حامی ہے اور اس کی مکمل حمایت کی توثیق کرتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ کووڈ 19 کی وبا کے عروج کے دوران 5 سال قبل صدر شی جن پنگ نے عالمی ترقیاتی اقدام(گلوبل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو) پیش کیا تھا، یہ ایک ایسا دور اندیش اقدام تھا جو اپنے وقت سے کہیں آگے تھا، آج دنیا صدر شی جن پنگ کے اس فیصلے کے پس منظر میں کار فرما دانائی اور بصیرت کو تسلیم کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 2030 کے اس اقدام کی مقررہ مدت پوری ہونے میں اب 4برس رہ گئے ہیں جبکہ پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کی جانب پیشرفت اب بھی ناکافی اور سست ہے ، پائیدار ترقی کے اہداف کے لئے مالی وسائل کی بڑھتی ہوئی کمی ، بار بار آنے والی اور پہلے سے زیادہ شدید موسمیاتی آفات ، خوراک اور ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتیں اور جغرافیائی سیاسی کشیدگی میں اضافے نے ترقی پذیر ممالک کی کئی دہائیوں کی کامیابیوں کو ایک بار پھر خطرے سے دوچار کر دیا ہے ، ان چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے مضبوط کثیر الجہتی تعاون کی ضرورت ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments