پاکستان ای سی او ممالک کیساتھ ملکر کام کرنے کا متمنی :ڈار

پاکستان ای سی او ممالک کیساتھ  ملکر کام کرنے کا متمنی :ڈار

نیویارک(نیوز ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان تمام ای سی او رکن ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کا متمنی ہے تاکہ تنظیم کے مشترکہ ویژن کو ٹھوس نتائج میں تبدیل اور علاقائی اقتصادی تعاون، رابطہ کاری و انضمام کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔

نائب وزیر اعظم نے نیویارک میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کی وزرا کونسل (سی او ایم) کی 27ویں غیررسمی نشست کی صدارت کی ، نائب وزیر اعظم نے خطے اور مشرق وسطٰی میں موجودہ سکیورٹی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار اور بین الاقوامی قانون کے مطابق تنازعات کے پرامن حل کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے زور دیا کہ ای سی او ممالک کو اپنے اجتماعی امکانات کو بروئے کار لاتے ہوئے امن، لچک اور علاقے کے تقریباً آدھے ارب لوگوں کی مشترکہ خوشحالی کو فروغ دینا چاہیے ۔ نائب وزیر اعظم نے ای سی او کی صدارت کیلئے پاکستان کی ترجیحات بیان کیں جن میں خطے کے اندر تجارت اور اقتصادی انضمام کو گہرا کرنا،وسطی ایشیا کو بحیرہ عرب سے جوڑنے والے رابطہ اور ٹرانزٹ کوریڈورز کو مضبوط بنانا، ڈیجیٹل طور پر فعال ای سی او،فری ٹریڈ ایریا کو آگے بڑھانا اور موسمیاتی لچک پر علاقائی تعاون میں توسیع شامل ہیں۔اس موقع پر نائب وزیراعظم کی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر اسد مجید خان سے ملاقات ہوئی۔

اسحاق ڈار نے ای سی او کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے میں سیکرٹری جنرل کی کاوشوں کی تعریف کی اور پاکستان کی صدارت کے دوران قریبی رابطے کی اہمیت پر زور دیا تاکہ علاقائی اقتصادی تعاون، رابطے اور انضمام کو مضبوط بنایا جا سکے ۔نائب وزیراعظم نے عرب لیگ اور گروپ فور کے مشترکہ اجلاس میں بھی شرکت اور فلسطینی عوام کے حق خودارادیت و آزاد ریاست کے قیام کے موقف کا اعادہ کیا ۔ اسحاق ڈار نے نیویارک میں جی-77 اور چین کے وزرائے خارجہ کے سالانہ اجلاس سے خطاب میں ترقیاتی ایجنڈے کے تحفظ اور اسے اقوام متحدہ کے محور میں رکھنے کیلئے اتحاد کی ضرورت پر زور دیا۔مزید برآں اسحاق ڈار کی اردن کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ ایمن الصفدی سے ملاقات ہوئی ، دونوں ملکوں کے وزرا خارجہ نے باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ اسحاق ڈار اور ایمن الصفدی نے پاکستان اردن تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ پاکستان اور اردن کے وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تعلقات کے استحکام کے عزم کا اظہار کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...