ایران امریکا کے درمیان ثالثی کی کوشش جاری رکھیں گے :ڈار
علاقائی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے باہمی تعاون پر مبنی، پائیدار کثیرالجہتی حل ضروری ایس سی او اقتصادی نمو میں قائدانہ کردار ادا کرسکتی،دوشنبے میں اجلاس سے خطاب
دوشنبے (دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ایران اور امریکا کے درمیان ثالثی کی کوششیں جاری رکھنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا پاکستاناس امر پر یقین رکھتا ہے کہ علاقائی کشیدگی کے حل کیلئے مذاکرات اور سفارت کاری موثر ترین راستہ ہیں، پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی کی کوششوں میں بھی مصروف ہے اور دیرپا امن و استحکام کیلئے مذاکرات اور تنازعات کے پرامن حل کی تمام کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔ علاقائی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اجتماعی، باہمی تعاون پر مبنی اور پائیدار کثیرالجہتی حل ضروری ہیں۔ تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہانِ حکومت کے 25ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا جنوبی ایشیا، وسطی ایشیا اور یوریشیا کو ملانے والے قدرتی پل کی حیثیت سے پاکستان علاقائی ہم آہنگی، تجارت، راہداری روابط اور اقتصادی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے پرعزم ہے ۔اسحاق ڈار نے کہا شنگھائی تعاون تنظیم ڈیجیٹل تبدیلی اور پائیدار اقتصادی نمو میں قائدانہ کردار ادا کر سکتی ہے ، زراعت، کان کنی، معدنیات اور آئی ٹی کے شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے کے حامی ہیں۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے ایجنڈے پر عمل درآمد کیلئے پرعزم ہیں، ایس سی او کا خطہ عالمی اقتصادی ترقی کا مرکز بننے کی صلاحیت رکھتا ہے ، شنگھائی تعاون تنظیم نے تجارت، بنیادی ڈھانچے ، ثقافت و جدت کے شعبوں تک اپنا دائرہ کار وسیع کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی شنگھائی تعاون تنظیم میں شمولیت شنگھائی سپرٹ سے ہماری وابستگی کی عکاس ہے ، توانائی اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں ہدفی سرمایہ کاری معاشی انضمام کیلئے اہم ہے ۔اس موقع پر اسحاق ڈار نے تاجکستان کے وزیر خارجہ سراج الدین مہرالدین سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تجارت، اقتصادی تعاون، علاقائی روابط، توانائی، سلامتی اور عوامی سطح پر تبادلوں کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور امن و خوشحالی کے مشترکہ اہداف کے حصول کیلئے علاقائی اور کثیرالجہتی فورمز پر مسلسل رابطے اور ہم آہنگی کی اہمیت اجاگر کی۔اسحاق ڈار تاجکستان کا دورہ کامیابی سے مکمل کرنے کے بعد دوشنبے سے وطن روانہ ہو گئے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments