اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

محلہ کمیٹیوں کا قیام

وفاقی دارالحکومت میں صفائی ستھرائی اور نکاسیٔ آب کا نظام بہتر بنانے کیلئے محلہ کمیٹیاں تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ کمیٹیاں مقامی سطح پر شکایات کے ازالے اور انتظامیہ کے درمیان رابطہ کار کا کردار ادا کریں گی۔ اگر اس اقدام کو صحیح سمت‘ واضح اختیارات اور مؤثر نگرانی کے ساتھ آگے بڑھایا جائے تو یہ شہری نظم و نسق میں مثبت پیشرفت ثابت ہو سکتا ہے۔ محلہ کمیٹیوں کے قیام سے سب سے بڑا فائدہ یہ ہو گا کہ نگرانی کا دائرہ مرکزی دفتر سے نکل کر گلی اور محلے کی سطح تک پھیل جائے گا۔ شہری خود اپنے علاقے کی بہتری کے نگران بنیں گے تو کوڑا کرکٹ پھیلانے‘ تجاوزات یا نکاسیٔ آب کی بندش جیسے مسائل کی فوری نشاندہی ممکن ہو گی۔ یہ ماڈل صرف وفاقی دارالحکومت تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ اسے چاروں صوبوں میں پھیلانا چاہیے۔

اگر ملک میں ایک فعال اور بااختیار بلدیاتی نظام موجود ہو تو الگ سے محلہ کمیٹیوں کی ضرورت بھی باقی نہیں رہے گی۔ ایک مضبوط بلدیاتی ڈھانچہ تعلیم‘ صحت‘ پانی کی فراہمی‘ نکاسیٔ آب اور صفائی ستھرائی جیسے بنیادی مسائل کو مقامی سطح پر حل کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ اس لیے وفاقی دارالحکومت میں محلہ کمیٹیوں کے قیام کیساتھ ساتھ بلدیاتی انتخابات کے جلد انعقاد کی طرف بھی سنجیدہ پیش رفت ہونی چاہیے کیونکہ شہری مسائل کا مستقل علاج صرف مضبوط بلدیاتی نظام میں مضمر ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں