اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

ہیٹ ویو کا خدشہ

محکمہ موسمیات نے 29اپریل سے تین مئی تک جنوبی پنجاب‘ بالائی سندھ اور بلوچستان کے جنوبی اور مشرقی علاقوں میں درجہ حرارت میں چار سے چھ ڈگری سینٹی گریڈ تک اضافے کے پیشِ نظر ہیٹ ویو کی وارننگ جاری کی ہے۔ روز افزوں موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے ہر سال بڑھتے ہوئے درجہ حرارت نے کرۂ ارض کے باسیوں کیلئے خطرے کی گھنٹیاں بجا دی ہیں۔ صرف 2024ء میں ال نینو موسمیاتی پیٹرن کی وجہ سے عالمی درجہ حرارت میں تقریباً 1.5ڈگری سینٹی گریڈ کا اضافہ ہوا ہے۔ موسمیاتی تبدیلیوں سے شدید متاثرہ 10ممالک میں شامل ہونے کی وجہ سے پاکستان میں بھی ہر سال گرمی کی شدت میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ ضروری ہے کہ متوقع ہیٹ ویو کے پیشِ نظر صحتِ عامہ کے تحفظ کیلئے پیشگی اقدامات کیے جائیں۔ عوامی مقامات پر پانی کی سبیلوں کا انتظام کیا جائے تاکہ لوگ پانی کی کمی کا شکار نہ ہوں۔

شدید گرمی کے پیشِ نظر بلاتعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ عوام کم از کم گھروں میں تو سکھ کا سانس لے سکیں۔ عوام بھی ہیٹ ویو کے پیشِ نظر غیر ضروری طور پر براہِ راست سورج کی تپش میں جانے سے گریز کریں اور پانی کا زیادہ استعمال کریں۔ خاص طور پر بزرگوں اور بچوں کا خیال رکھیں۔ روز افزوں موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات محفوظ رہنے کیلئے حکومت ماحولیاتی تحفظ کو اپنی ترجیحات میں شامل کرے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں