المناک ٹریفک حادثہ
بدھ کے روز مری ایکسپریس وے پر ایک سیاح فیملی کی وین کو پیش آنے والے دلخراش حادثے میں 10 افراد جاں بحق اور 16 زخمی ہو گئے۔ ابتدائی رپورٹس کے مطابق وین تیز رفتاری کے باعث موڑ کاٹتے ہوئے بے قابو ہو کر سڑک کنارے نالے میں جا گری اور دیوار سے ٹکرا گئی‘ جس کے بعد گاڑی میں بھڑکنے والی آگ سے مسافر جھلس گئے۔ اوور سپیڈنگ ایک غیر ذمہ دارانہ عمل اور جان لیوا نتائج کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔ اگر مقررہ رفتار اور حفاظتی اصولوں کا خیال رکھا جاتا تو شاید گاڑی پر قابو برقرار رہتا اور یہ المناک حادثہ پیش نہ آتا۔ ملک میں ٹریفک حادثات کی بڑی وجوہات میں اوور سپیڈنگ‘ غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ‘ گاڑیوں کی غیر معیاری حالت اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی شامل ہیں۔

شدید گرمی کے موسم میں ٹائر برسٹ کے واقعات بھی بڑھ جاتے ہیں‘ جو اکثر بڑے حادثات کا سبب بنتے ہیں۔ اس لیے ضروری ہے کہ لمبے سفر سے قبل گاڑیوں کی مکمل فٹنس‘ٹائروں کی حالت‘ ہوا کا دباؤ اور بریک سسٹم کا معائنہ لازمی کیا جائے۔ ٹریفک قوانین کی پاسداری کے بغیر محفوظ سفر کا تصور ممکن نہیں۔ یہ سانحہ ایک بار پھر اس حقیقت کو اجاگر کرتا ہے کہ جب تک ہم اجتماعی طور پر احتیاط‘ قانون کی پابندی اور ذمہ دارانہ رویہ اختیار نہیں کرتے سڑکوں پر انسانی جانوں کا زیاں روکنا ممکن نہیں۔