اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

زرعی اپیکس فورم

اگلے روز وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت منعقدہ ایک اجلاس میں وفاق اور صوبوں کی مشاورت سے ایک جامع قومی زرعی پالیسی مرتب کرنے اور ایک زرعی اپیکس فورم قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس فورم کے قیام کا بنیادی مقصد وفاق اور صوبوں کے درمیان زرعی پالیسیوں سے متعلق مؤثر ہم آہنگی پیدا کرنا‘ پالیسیوں کے تسلسل کو یقینی بنانا‘ زرعی اصلاحاتی منصوبوں کی رفتار کا مسلسل جائزہ لینا اور کسانوں کو درپیش مسائل کے بروقت حل کیلئے ایک فعال پلیٹ فارم فراہم کرنا بتایا گیا۔ زرعی شعبہ قومی معیشت میں نمایاں حصہ ڈالنے کے باوجود گزشتہ کئی برسوں سے حکومتی عدم توجہی‘ غیر مستقل پالیسیوں‘ مہنگے زرعی مداخل‘ کمزور تحقیقی نظام‘ ناقص مارکیٹنگ اور موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث مسلسل دباؤ کا شکار ہے۔ اگر حکومت اس شعبے پر توجہ مرکوز کرے تو یہ تیزی سے ترقی کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

دنیا کے کئی ممالک نے جدید تحقیق‘ معیاری بیج‘ڈیجیٹل زرعی خدمات‘ موسمیاتی لحاظ سے موزوں فصلوں اور ویلیو ایڈیشن کے ذریعے نہ صرف اپنی پیداوار میں نمایاں اضافہ کیا بلکہ برآمدات اور دیہی خوشحالی کو بھی فروغ دیا۔ پاکستان بھی اسی راستے پر چل سکتا ہے لیکن اس کیلئے پالیسیوں کا تسلسل‘ سائنسی تحقیق میں سرمایہ کاری‘ کسان دوست مالیاتی نظام‘ جدید زرعی تعلیم اور مارکیٹ تک آسان رسائی ناگزیر ہے۔ اس ضمن میں زرعی اپیکس فورم کا قیام ایک خوش آئند ہے لیکن عملی نتائج کیلئے حکومت کو اسے ایک بااختیار‘ جوابدہ اور فعال ادارہ بنانا ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں