کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری
عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی سٹینڈرڈ اینڈ پوورز گلوبل نے پاکستان کی طویل مدتی خودمختار کریڈٹ ریٹنگ منفی بی سے بڑھا کر بی کر دی ہے‘ جو ملکی معیشت کیلئے ایک اہم پیشرفت اور عالمی مالیاتی اداروں اور سرمایہ کاروں کی جانب سے پاکستان کی معاشی سمت پر بڑھتے ہوئے اعتماد کا اظہارہے۔ایجنسی کے مطابق اس بہتری کی بنیادی وجوہات میں آئی ایم ایف پروگرام کے تحت اصلاحات پر مؤثر عملدرآمد‘ مالیاتی نظم و ضبط‘ محصولات میں بہتری‘ زرِمبادلہ کے ذخائر میں نمایاں اضافہ اور بیرونی ادائیگیوں کی صلاحیت کا مضبوط ہونا شامل ہیں۔یہ رپورٹ ملکی معیشت کیلئے غیر معمولی اہمیت رکھتی ہے کیونکہ عالمی سرمایہ کار اور مالیاتی ادارے سرمایہ کاری اور قرضوں کے فیصلوں میں ایسی ریٹنگز کو بنیادی معیار تصور کرتے ہیں؛

چنانچہ بہتر ریٹنگ پاکستان کی عالمی مالیاتی ساکھ مضبوط بنانے اور مستقبل میں مزید معاشی مواقع پیدا کرنے میں معاون ثابت ہو سکتی ہے۔ تاہم ریٹنگ میں بہتری کیساتھ ایجنسی نے یہ تنبیہ بھی کی ہے کہ اصلاحات کا تسلسل برقرار نہ رہا‘ شرح سود میں دوبارہ غیر معمولی اضافہ ہوا یا سکیورٹی صورتحال بگڑی تو یہ پیشرفت متاثر ہو سکتی ہے۔ لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت کو ٹیکس اورتوانائی کے شعبے کی اصلاحات کو مزید مؤثر بنانا‘سرمایہ کار دوست ماحول کو فروغ دینا اور سیاسی و پالیسی استحکام کو یقینی بنانا چاہیے۔