اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

سیلابی خطرات، پیشگی تیاری ضروری

فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن نے بھارت کی جانب سے بگلیہار ڈیم سے دریائے چناب میں پانی چھوڑے جانے کے بعد ہیڈ مرالہ کے مقام پر سیلاب کا الرٹ جاری کیا ہے۔ بھارت نے تین روز قبل بھی دریائے چناب میں پانی چھوڑا تھا جبکہ یہ خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آئندہ دنوں میں بھارت مزید پانی ہیڈ مرالہ کی جانب چھوڑ سکتا ہے‘ جس سے دریائے چناب میں بہاؤ مزید بڑھنے کا امکان ہے۔ اس صورتحال کے پیشِ نظر صوبائی حکومت‘ ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو ممکنہ طور پر متاثرہ علاقوں میں پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنانا ہوں گے۔ دوسری جانب چترال میں گلیشیر پھٹنے‘ کلاؤڈ برسٹ اور موسلادھار بارشوں سے آنے والے شدید سیلاب کے باعث دو افراد جاں بحق ہوئے جبکہ درجنوں مکانات‘ دکانیں اور گاڑیاں سیلابی ریلوں کی نذر ہو گئیں۔

گزشتہ چند برسوں کے دوران درجہ حرارت میں اضافے کے باعث گلیشیرز کے تیز پگھلاؤ اور گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کے واقعات میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔یہ صورتحال طویل مدتی منصوبہ بندی کی متقاضی ہے۔ ضروری ہے کہ متعلقہ ادارے خطرناک گلیشیائی جھیلوں کی مسلسل نگرانی کریں‘ پیشگی وارننگ سسٹم کو مزید مؤثر بنائیں‘ حساس علاقوں میں حفاظتی انفراسٹرکچر کو مضبوط کریں اور سیلابی خطرات کے دوران سیاحوں کی آمدورفت کو ضرورت کے مطابق محدود کریں تاکہ جانی نقصان کم سے کم ہو۔ اس کے ساتھ ساتھ مقامی آبادی کی آگاہی اور انخلا کی مشقوں پر بھی خصوصی توجہ دی جانی چاہیے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں