گڈز ٹرانسپورٹ کی ہڑتال
گڈز ٹرانسپورٹروں کی تنظیم نے حکومت کو کچھ مطالبات پیش کیے تھے جو منظور نہ کیے جانے پر ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ گڈز ٹرانسپورٹرز کے مطالبات میں ڈیزل کی قیمتوں میں کمی‘ ایکسل لوڈ کی یکساں پالیسی اور غیر ضروری چالانوں کا خاتمہ شامل ہے۔ مہنگا ایندھن اور ٹیکسوں کا بوجھ واقعی ٹرانسپورٹ کے اخراجات پر اثر انداز ہوتا ہے تاہم ٹرانسپورٹرز کے بعض مطالبات ایسے ہیں جن کا تعلق سڑکوں کی حفاظت‘ انفراسٹرکچر کی پائیداری اور قانونی و انتظامی نظام سے ہے۔ حکومت کو اوورلوڈنگ کی اجازت تو ہر گز نہیں دینی چاہیے‘ایکسل لوڈ کی حدیں سڑکوں اور پلوں کی برداشت‘ گاڑیوں کی ساخت اور ٹریفک سیفٹی کو مدنظر رکھ کر ہی مقرر کی جاتی ہیں البتہ جائز مطالبات کو ضرور قبول کرنا چاہیے ۔

گڈز ٹرانسپورٹ کا پہیہ زیادہ دیر رکا تو اس کے اثرات سپلائی چین کو متاثر کر سکتے ہیں۔ ملک کی معاشی سرگرمی میں گڈز ٹرانسپورٹ بنیادی اہمیت کی حامل ہے کیونکہ اشیائے خورونوش‘ پٹرولیم مصنوعات‘ صنعتی خام مال اور روزمرہ استعمال کی دوسری اشیا گڈز ٹرانسپورٹ کے ذریعے ہی ملک کے ایک حصے سے دوسرے حصے تک پہنچتی ہیں‘ لہٰذاٹرانسپورٹرز کے جائز مطالبات پر بلا تاخیر غور کرنا چاہیے جبکہ سڑکوں کی حفاظت‘ اوورلوڈنگ اور ٹیکس قوانین سے متعلق جن معاملات میں قومی مفاد وابستہ ہے‘ ان کا بھی کوئی متبادل قابلِ عمل حل تلاش کیا جانا چاہیے۔