اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

مضرِ صحت خوراک کا دھندہ

 لاہور ہائیکورٹ نے مردہ مرغیوں کا گوشت فروخت کرنے کے ایک مقدمے میں گرفتارملزم کی درخواستِ ضمانت مسترد کرتے قرار دیا کہ گھناؤنے جرائم میں ملوث ملزموں کو کھلی چھوٹ نہیں دی جا سکتی۔ ملک عزیز میں مضرِ صحت خوراک کی فروخت عوامی صحت کا سنگین مسئلہ بن چکی ہے۔ آئے روز مردہ گوشت‘ ناقص اور غیر معیاری اشیائے خورونوش کی فروخت اور ضبطی کی خبریں تو سامنے آتی ہیں مگر اس گھناؤنے دھندے میں ملوث عناصر نظام میں موجود خامیوں کے باعث اکثر سستے چھوٹ جاتے اور پھر سے یہ مکروہ دھندا شروع کر دیتے ہیں۔ اس صورتحال کے پیشِ نظر متعلقہ اداروں کو محض چھاپہ مارکارروائیوں تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ کارروائی کے بعد مقدمات کی مؤثر پیروی‘ نمونوں کی بروقت جانچ‘ شواہد کا تحفظ‘ پولیس کی فوری تفتیش اور ان مقدمات کے منطقی انجام تک پہنچنے کا مؤثر نظام بھی ناگزیر ہے۔

جب تک مضرِ صحت خوراک کے کاروبار سے وابستہ عناصر کو یہ یقین رہے گا کہ کمزور تفتیش یا قانونی سقم ان کیلئے بچ نکلنے کا راستہ فراہم کرسکتا ہے‘ یہ کاروبار جاری رہے گا۔ضروری ہے کہ مضرِ صحت خوراک کے خلاف کارروائی کو مستقل اور مربوط مہم کی شکل دی جائے‘ فوڈ سیفٹی قوانین پر بلاامتیاز عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور انسانی جانوں سے کھیلنے والوں کیلئے ایسی مؤثر سزائیں مقرر اور نافذ کی جائیں جو دوسروں کیلئے بھی عبرت بنیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں