پٹرول سبسڈی‘ آسان رسائی ناگزیر
وزیراعظم شہباز شریف نے موٹرسائیکل‘ رکشے اور چھوٹی گاڑیوں کیلئے پٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف کا اعلان کیا ہے۔ یہ بظاہر خوش آئند اقدام ہے لیکن اس رعایت کے حقیقی ثمرات عوام تک پہنچانا بڑا چیلنج ہو گا۔ قبل ازیں رواں سال اپریل میں بھی اسی نوعیت کی ایک سکیم کا اعلان کیا گیا تھا مگر پیچیدہ طریقہ کار کے باعث اس کا دائرہ کار انتہائی محدود رہا اور مستحقین کی ایک بڑی تعداد اس کے ثمرات سے محروم رہی۔ ماضی کے اس تجربے کو سامنے رکھتے ہوئے حکومت کو یہ بات سمجھ لینی چاہیے کہ ایسی سکیموں کی کامیابی کا دارو مدار صرف پُرکشش اعلانات پر نہیں بلکہ ان کے شفاف اور مؤثر نفاذ پر ہوتا ہے۔ موجودہ معاشی حالات میں جب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہو چکی ہیں‘ اس ریلیف سکیم کو حقیقی معنوں میں نچلی سطح تک منتقل کرنے کیلئے حکومت کو آسان شرائط اور رجسٹریشن کا سہل طریقہ کار اپنانا چاہیے۔

پاکستان میں ایک بڑا طبقہ ایسا ہے جو پیچیدہ رجسٹریشن کے سبب ایسے ریلیف سے محروم رہتا ہے لہٰذا ضروری ہے کہ یہ طریقہ ایسا سہل ہو کہ ہر عام اور اَن پڑھ رکشہ ڈرائیور یا موٹر سائیکل سوار کی اس تک رسائی ممکن ہو سکے۔ اگر یہ سکیم محض اعلانات یا محدود طبقے تک ہی محدود رہی تو پہلے سے مایوس لوگوں میں اضطراب اور اشتعال کو مزید بڑھاوا دے گی۔ ضروری ہے کہ حکومت اپنے اعلانات کو عملی شکل دینے کیلئے آسان راہ کا انتخاب کرے تاکہ پریشان حال عوام کو پٹرول سبسڈی کی شکل میں حقیقی ریلیف میسر آ سکے۔