کم سن گھریلو ملازمہ کا قتل
اسلام آباد میں 13سالہ گھریلو ملازمہ کے مالکان کے تشدد سے جاں بحق ہونے کا المناک وقوعہ انتہائی رقت آمیز ہے۔ اس واقعہ نے ایک بار پھر ہمارے معاشرے کے اس بالائی طبقے کے سفاک چہرے کو ننگا کر دیا ہے جو غربت کے ہاتھوں مجبور لوگوں کے کمسن بچوں کو اپنے گھروں میں نوکر رکھتا اور ان سے ظالمانہ سلوک کرتا ہے۔ اس افسوسناک واقعے میں دو ملزمان کو حراست میں لیا جاچکا ہے ‘تاہم اصل سوال یہ ہے کہ آخر معصوم بچوں کو اس ظلم سے نجات کب ملے گی؟ویمن اِن سٹرگل فار ایمپاورمنٹ کی ایک تحقیق کے مطابق جنوری 2019ء سے جون 2026ء تک پنجاب میں کمسن گھریلو ملازمین پر تشدد کے 208 واقعات رپورٹ ہوئے‘ جن میں 51بچے تشددکی وجہ سے مارے گئے۔

اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری ڈومیسٹک ورکرز ایکٹ 2022ء کے تحت 16 سال سے کم عمر بچوں کو کسی بھی حیثیت سے گھروں میں ملازم رکھنے کی ممانعت ہے‘ جبکہ ہر صوبے میں بھی چائلڈ لیبر کے حوالے سے سخت قوانین موجود ہیں‘اس کے باوجودیہ غیر قانونی اور غیر انسانی عمل جاری و ساری ہے۔ جدید دور کے اس غلامی کے نظام کے خاتمے کیلئے مستقل اور مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے۔گھریلو ملازمین بالخصوص کمسن بچوں پر تشدد اس سماج کے چہرے کا ایک بدنما داغ ہے۔ یہ ظالمانہ سماجی رویہ قانون کی سختی سے عملداری کے بغیر تبدیل ہونے والا نہیں۔