اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

ماحولیاتی سرمایہ کاری کی ضرورت

وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی نے کہا ہے کہ پاکستان کو 2035ء تک اپنے موسمیاتی وعدے پورے کرنے کیلئے تقریباً 565 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری درکار ہے۔ پاکستان نے 2035ء تک گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں 50 فیصد کمی کا ہدف مقرر کیا ہے جس میں سے 17 فیصد کمی اپنے وسائل سے جبکہ باقی 33 فیصد کمی بین الاقوامی مالی اور تکنیکی معاونت سے مشروط ہے۔ اس مقصد کیلئے قابلِ تجدید توانائی کے فروغ‘ ٹرانسپورٹ کے شعبے کو ماحول دوست بنانے‘ صنعتی اخراج میں کمی‘ جنگلات کے تحفظ اور موسمیاتی آفات سے بچاؤ کے منصوبوں پر خطیر سرمایہ کاری ناگزیر ہے۔ تاہم اس موسمیاتی حکمت عملی پر عملدرآمد کیلئے عالمی مالی معاونت کے بغیر آگے بڑھنے کا کوئی راستہ دکھائی نہیں دیتا۔

ہر سال عالمی موسمیاتی کانفرنسوں میں ترقی پذیر ممالک کی مالی معاونت کے بڑے بڑے وعدے کیے جاتے ہیں لیکن عملی طور پر ان وعدوں کی تکمیل کی رفتار انتہائی سست ہے۔ 2023ء میں جنیوا کانفرنس کے موقع پر پاکستان کیلئے منصوبہ جاتی مالی معاونت کی مد میں 6.3 ارب ڈالر فراہم کرنے کے وعدے کیے گئے تھے‘ تاہم جون 2025ء تک اس مد میں صرف 2.8 ارب ڈالر موصول ہوئے تھے۔ ترقی یافتہ ممالک کو یہ حقیقت تسلیم کرنا ہوگی کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنا محض متاثرہ ممالک کی انفرادی ذمہ داری نہیں بلکہ ایک مشترکہ عالمی مسئلہ ہے۔ تاہم عالمی معاونت کے حصول کی کوششوں کے ساتھ پاکستان کو اپنی داخلی ذمہ داریوں سے بھی غافل نہیں ہونا چاہیے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں