سیاسی نظام کی اصلاح اور عوامی مسائل کا حل
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سسٹم کے سیاسی ری سیٹ کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ گزشتہ روز کراچی پریس کلب میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سیاستدان عوام کے مسائل کو بھول چکے ہیں‘ وہ نفرت اور تقسیم کی سیاست کر رہے ہیں۔ ملک کی ایک بڑی سیاسی جماعت کے سربراہ نے‘ جو خود بھی حکومتی نظام کا حصہ ہیں‘ نظام کی کمزوریوں اور سیاسی جماعتوں کی غلطیوں کا اعتراف کر کے تمام فریقین کو اپنے طرزِ عمل پر نظرثانی کی دعوت دی ہے۔ پاکستان کی سیاسی تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی سیاسی جماعتوں نے باہمی اختلافات کو ذاتی دشمنیوں میں بدلا اور مکالمے کے دروازے بند کیے‘ اس کا براہِ راست نقصان جمہوریت اور عام آدمی کو اٹھانا پڑا۔ بدقسمتی سے گزشتہ چند برسوں کے دوران ملک میں سیاسی پولرائزیشن اس قدر بڑھ چکی ہے کہ سیاسی جماعتیں ایک دوسرے کے ساتھ بیٹھنا بھی گوارا نہیں کرتیں۔ پارلیمان‘ جو قومی مسائل کے حل اور قانون سازی کا سب سے بڑا فورم ہے‘ سیاسی مسائل سے یکسر لاتعلق نظر آتی ہے۔ اس طرزِ سیاست نے نہ صرف جمہوری اداروں کی ساکھ کو متاثر کیا ہے بلکہ عوام کا سیاسی عمل پر سے اعتماد بھی متزلزل کیا ہے۔

دو دہائیاں قبل ایسے ہی حالات میں سیاسی قیادت نے ’میثاقِ جمہوریت‘ کی صورت میں مفاہمانہ طرزِ سیاست کا خاکہ پیش کیا تھا۔ اگرچہ یہ اتفاقِ رائے زیادہ دیر تک قائم نہیں رہ سکا اور سیاسی مخاصمت دوبارہ بڑھنے لگی لیکن آج ہمارا ملک ایک بار پھر میثاقِ جمہوریت جیسی سیاسی بصیرت اور مفاہمت کا تقاضا کر رہا ہے۔ یہ ایک مسلمہ حقیقت ہے کہ جب تک حکومت اور اپوزیشن اپنے باہمی مسائل خود حل کرنے کے قابل نہیں ہوں گے‘ تب تک وہ درپیش قومی مسائل کا پائیدار حل بھی نہیں نکال سکتے۔ معاشی بحران‘ مہنگائی‘ بیروزگاری‘ موسمیاتی تبدیلیاں اور دہشت گردی جیسے سنگین چیلنجز کا مقابلہ کوئی ایک جماعت یا حکومت تنہا نہیں کر سکتی۔ ان مسائل کے حل کیلئے طویل مدتی پالیسیوں اور سیاسی استحکام کی ضرورت ہے‘ اور سیاسی استحکام اس وقت تک ممکن نہیں جب تک تمام سیاسی سٹیک ہولڈرز کو سیاسی عمل میں برابر کا شریک نہ سمجھا جائے۔ حکومت کو یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ جب تک وہ اپوزیشن کے تحفظات کو دور نہیں کرے گی‘ سیاسی تناؤ بڑھتا رہے گا۔ اور اس تناؤ کا نتیجہ معاشی غیر یقینی صورتحال کی صورت میں خود اسے بھی بھگتنا پڑے گا۔ لہٰذاسب سے بڑی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوتی ہے کہ ملک میں معتدل سیاسی مزاج کو فروغ دیا جائے اور انتقامی کارروائیوں کے تاثر کو ختم کیا جائے۔
آج عوام تاریخ کی بدترین مہنگائی سے نبرد آزما ہیں۔ پٹرول‘ ڈیزل‘ بجلی اور گیس کے بھاری بلوں اور اشیائے ضروریہ کی آسمان کو چھوتی قیمتوں نے متوسط اور غریب طبقے کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ ایسے میں عوام صرف یہ چاہتے ہیں کہ ان کے معاشی مسائل کا ازالہ کیا جائے اور انہیں عزت کے ساتھ جینے کا حق دیا جائے۔ اب یہ سیاسی قیادت کا امتحان ہے کہ وہ ان باتوں کو کس سنجیدگی سے لیتی ہے۔ ہمارا ملک مزید تجربات اور محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ اگر آج ہمارے سیاستدانوں نے مل بیٹھ کر نظام کی اصلاح نہ کی اور عوام کو ریلیف فراہم نہ کیا تو تاریخ انہیں معاف نہیں کرے گی۔ بلاول بھٹو زرداری کا یہ بیان غور طلب ہے کہ سسٹم کو سیاسی طور پر ری سیٹ کرنے کی ضرورت ہے۔ اگر موجودہ مسائل سیاسی نظام کے پیدا کردہ ہیں تو یقینا ان کی اصلاح کا آغاز بھی سیاسی ایوانوں ہی سے ہونا چاہیے۔ نظام میں پیدا ہونے والے بگاڑ کو اگر غیرسیاسی طریقوں سے درست کرنے کی کوشش کی جائے تو نتائج مزید خرابی کی طرف جا سکتے ہیں۔ نظام کی خرابیوں کو آئین اور قانون کی بالادستی‘ شفاف انتخابی عمل اور پارلیمنٹ کی بالادستی کے ذریعے ہی دور کیا جا سکتا ہے۔ سیاسی جماعتوں کو یہ تسلیم کرنا ہوگا کہ ان کی بقا مضبوط جمہوری اداروں اور آئین کے تحفظ میں مضمر ہے۔