سوشانت سنگھ ڈپریشن کے مریض تھے ،ڈاکٹر شامل تفتیش
گھر سے ادویات اور ماہر نفسیات کے نسخے ملے ،پوسٹمارٹم کے بعد آخری رسومات ادا
ممبئی(شوبز ڈیسک)خودکشی کرنے والے34سالہ بھارتی اداکار سوشانت سنگھ کی پوسٹمارٹم رپورٹ آگئی جس کے مطابق ان کی موت دم گھٹنے سے ہوئی ہے جبکہ پولیس کو ان کے گھر سے ڈپریشن کی ادویات اور ماہر نفسیات کے نسخے ملے ہیں جس کی بنیاد پر ڈاکٹر کو بھی شامل تفتیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اداکار کے منیجر نے بتایاکہ وہ ڈپریشن کے مریض تھے تاہم کئی روز سے ا نہوں نے دوائی لینا بند کردی تھی ۔سوشانت سنگھ کی آخری رسومات گزشتہ روز ادا کردی گئیں ۔ اداکار نے سوشل میڈیا پرایک ہفتہ قبل اپنی آخری پوسٹ کی ،جس میں اپنی والدہ کیساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن لکھاکہ ’’دھندلا ماضی، آنسوؤں کے قطروں کیساتھ بخارات بن کر اڑ رہا ہے ، خوابِ ناتمام مسکراہٹ کی قوس کو خمیدہ کر رہاہے اور عمر گریزاں ان دونوں کے درمیان مذاکرات کرانے کی کوشش میں ہے ‘‘۔