برطانوی پارلیمنٹ نے فہد مصطفیٰ کو 2 ایوارڈز سے نواز دیا
لندن(شوبزڈیسک)مشہور اداکار، پروڈیوسر اور ٹی وی میزبان فہد مصطفیٰ کو برطانوی پارلیمنٹ میں دو اہم ایوارڈز سے نوازا گیا ہے اور وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی بن گئے ہیں۔
فہد مصطفیٰ کو ہاؤس آف کامنز کی جانب سے ڈائیورسٹی اینڈ کلچرل امپیکٹ ایوارڈ اور ہاؤس آف لارڈز کی جانب سے ‘گلوبل کلچرل یونٹی ایوارڈ’ دیا گیا۔ اپنے انسٹاگرام پر ان پرجوش لمحات کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے فہد مصطفیٰ نے لکھا کہ ‘یہ ایوارڈ صرف ان کی نہیں بلکہ پاکستان کے ہر اس فنکار اور خواب دیکھنے والے کی کامیابی کی علامت ہے جو بڑے خواب دیکھنے کی ہمت رکھتا ہے اور انہیں پورا کرنے کے لیے ہر حد پار کرنے کو تیار ہوتا ہے۔ ایک فخر سے بھرپور پاکستانی کی حیثیت سے یہ اعزاز حاصل کرنا ان کے لیے باعث عزت ہے۔ ہاؤس آف کامنز میں کھڑے ہو کر انہیں ہمیشہ پاکستان کے عوام کی بے پناہ طاقت، خوبصورتی اور صلاحیت کا احساس ہوتا ہے۔