الطاف حسین کی طلاق کا تصفیہ بابر غوری, رضا ہارون نے 22 کروڑ میں کرایا, خالد شمیم

الطاف حسین کی طلاق کا تصفیہ بابر غوری, رضا ہارون نے 22 کروڑ میں کرایا, خالد شمیم

بابر غوری اور رضا ہارون نے چائنا کٹنگ کی رقم سے سیٹلمنٹ دبئی میں کرائی،رقم زمینو ں پر قبضوں سے اکٹھی کی الزام بے بنیاد ہے، بابر غوری،ویڈیو جیل سے باہر آنے کی تحقیقات ہونی چاہیے ،محمد زبیر کی آن دی فرنٹ میں گفتگو

کراچی (دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک،ایجنسیاں) عمران فاروق قتل کیس میں گرفتار ملزم خالد شمیم کی تہلکہ خیز ویڈیو منظرعام پر آئی ہے جس میں خالد شمیم نے انکشاف کیا ہے کہ الطاف حسین کی طلاق کی سیٹلمنٹ کورٹ سے باہر ہوئی جس کی رقم 22 کروڑ روپے تھی ،بابر غوری اور رضا ہارون نے چائنا کٹنگ کے ذریعے حاصل کی گئی رقم سے الطاف حسین کی طلاق کی سیٹلمنٹ دبئی میں کرائی۔خالد شمیم کی جانب سے لگائے گئے الزامات کا جواب دیتے ہوئے ایم کیو ایم کے رہنما بابر غوری نے پروگرام آن دی فرنٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ خالد شمیم کاالزام بے بنیاد ہے ، ایک آدمی اڈیالہ جیل میں ہے ، وہاں سے کیسے ویڈیو لیک ہوئی،کون لوگ اس کے پیچھے ہیں اور اس کے کیا مقاصد ہیں،اس کی تحقیقات ہونی چاہیے ۔نجی ٹی وی کے اینکر پرسن فہدشہباز جنہوں نے یہ ویڈیو دنیا نیوز کومہیا کی ان کا کہناتھا کہ خالد شمیم نے ویڈیو میں مزید انکشافات کرتے ہوئے کہاکہ برطانوی حکومت جس طرح ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کی تحقیقات کررہی ہے وہ اس سے مطمئن نہیں ہیں،خالد شمیم کے مطابق سکاٹ لینڈیارڈ الطاف حسین کو گرفتار کرنے والی تھی کہ عین اسی وقت ایم کیو ایم نے ڈاکٹر عافیہ کے لئے کراچی میں ایم اے جناح روڈ پر ریلی کا انعقاد کیا،ویڈیو میں ایک جگہ خالد شمیم اپنی اہلیہ اور بچوں سے معذرت کرتے نظر آئے کہ ان لوگوں کو بہت ساری چیزوں کا علم نہیں تھا،فہد شہباز نے مزید بتایا کہ خالد شمیم نے ویڈیو میں بتایا کیا کہ رابطہ کمیٹی نے الطاف حسین اور محمدانور کے کہنے پر ان کے گھر پر چھاپہ مارا اور ان کی دو گاڑیاں،کچھ ہزار پاؤنڈ اور گھر کے کاغذات لے گئے ، خالد شمیم نے مطالبہ کیاکہ ان کے گھر کے کاغذات واپس کیے جائیں تاکہ وہ ہاؤس اریسٹ کی درخواست جمع کراسکیں۔ویڈیو پیغام میں خالد شمیم نے مزید کہا کہ اُس کی بیوی کو دھمکیاں مل رہی ہیں کہ اُن کا حشر بھی صولت مرزا جیسا ہو گا۔ کچھ عرصے بعد وہ اور محسن ویسے ہی رہا ہو جائیں گے ، یہ جنگ اُن کی نہیں ، موجودہ اور آئندہ نسلوں اور اُن کی بقا کی جنگ ہے ۔رینجرز حکام سے اُن کی گزارش ہے کہ اس بیان پر الطاف حسین ، ایم انور اور کراچی رابطہ کمیٹی کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے ۔ایم کیو ایم کے رہنما سلمان مجاہد بلوچ کا کہنا تھاکہ الطاف حسین کی طلاق کا معاملہ ان کا ذاتی معاملہ ہے اس کے بارے میں معلومات ان کے علم میں نہیں ہیں ،اس ویڈیو کا اس موقع پرمنظر عام پر لائے جانے کا مقصد پاناما لیکس کی جانب سے توجہ ہٹانا ہے ،انہوں نے کہاکہ جہانگیر ترین پر الزامات لگے تو انہوں نے اپنے ٹیکس ریٹرن دکھادئیے ، وزیراعظم دفاعی پوزیشن پر کیوں ہیں۔تحریک انصاف کے رہنما عمران اسماعیل نے کہاکہ وہ رضا ہارون کو اچھی طرح سے جانتے ہیں وہ چائنا کٹنگ کے ذریعے ناجائز اثاثے نہیں بناسکتے ، انہوں نے کہاکہ جب بھی نوازشریف کے احتساب کی بات کی جاتی ہے تو جمہوریت کو خطرہ ہوجاتا ہے ۔مسلم لیگ ن کے رہنماچیئرمین نجکاری کمیشن محمد زبیر نے کہاکہ خالد شمیم کی ویڈیو کیسے جیل سے باہر آئی اس کی تحقیقات ہونی چاہیے ، پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم چائنا کٹنگ کے حوالے سے مشہور ہیں،ان پر الزامات لگتے رہے ہیں،پاناما لیکس میں کہیں کرپشن کا ذکر نہیں کیا گیا،عمران خان 1981 سے 2001 تک کے درمیان اپنے ٹیکس ریٹرن کے پیپر دکھائیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں