دھرناکیس،خادم رضوی کے مزید5مقدمات میں وارنٹ
دیگرملزمان کی گرفتاری کابھی حکم،وارنٹ انسداد دہشتگردی عدالت سے حاصل کئے
اسلام آباد(دنیا نیوز)فیض آباد دھرنا کیس میں انسداد دہشت گردی عدالت نے خادم حسین رضوی و دیگر ملزمان کے خلاف مزید پانچ مقدمات میں وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے ۔ عدالت نے حکم دیا کہ خادم حسین رضوی سمیت دیگر ملزمان کو گرفتار کر کے عدالت پیش کیا جائے ۔ عدالت نے اسلام آباد کے تھانہ آئی نائن میں درج مقدمات میں وارنٹ گرفتاری جاری کئے ، خادم حسین رضوی اور دیگر ملزمان کیخلاف درج 26مقدمات میں سے اب تک 14مقدمات میں وارنٹ جاری ہو چکے ہیں، 9 مقدمات میں انسداد دہشت گردی جبکہ پانچ میں سول عدالت نے وارنٹ جاری کئے ۔پولیس کا کہنا ہے کہ انڈسٹریل ایریازون کے تھانوں میں درج تمام 14 مقدمات میں ملزمان کے وارنٹ گرفتاری حاصل کر لئے گئے ہیں، وارنٹ گرفتاری انسداد دہشتگردی اور دیگر عدالتوں سے حاصل کئے گئے ، مقدمات میں خادم رضوی اور ساتھیوں پر دہشت گردی سمیت مختلف دفعات شامل ہیں۔