امیدواروں کی سیکیورٹی برقرار رکھناپولیس کیلئے نیاچیلنج
انتخابی مہم کے دوران عوام کی جانب سے شکایات اور احتجاج نیا رجحان عوامی ردعمل کے پیش نظر پولیس الگ سے کوئی سیکیورٹی نہیں دے سکتی قانون ہاتھ میں لینے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائیگی، پولیس افسر
کراچی(رپورٹ:عاطف رضا)انتخابی مہم کے دوران امیدواروں کیخلاف عوامی رد عمل کے پیش نظر امن و امان برقرار رکھنا پولیس کیلئینیا چیلنج بن گیا ہے ۔ لیاری میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی آمد کے موقع پر علاقہ مکینوں نے مظاہرہ کیا، اس دوران گاڑیوں پر پتھراؤ کیاگیا،مظاہرین کو کنٹرول کرنے کے لیے پولیس کی جانب سے شیلنگ بھی کی گئی ۔تفصیلات کے مطابق عام انتخابات 2018 کے دوران اپنے حلقوں میں امیدواروں کو عوام کی سخت شکایات کا سامنا ہے ، جو ایک نیا رجحان ہے ،اس حوالے سے گزشتہ دنوں ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار کے ساتھ کھارادر میں نماز جمعہ کے بعد بھی ایک واقعہ دیکھنے میں آیا، جہاں لوگوں کی جانب سے شکایات کی گئیں اور انکی کارکردگی پر سوالات اٹھائے گئے ۔ الیکشن مہم کے دوران امیدواروں کی سیکیورٹی کے حوالے سے سندھ پولیس کے انتظامات کی معلومات کیلئے سینئرپولیس افسر سے رابطہ کیاگیا، جنہوں نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق ہر سیاسی جماعت کا امیدوار اپنے حلقے میں الیکشن مہم کے لیے اپنے کارکنوں کے ہمراہ جائے گا ، پولیس کی جانب سے انکی سیکیورٹی کی الگ حکمت عملی ہے ، لیکن عوامی رد عمل کے پیش نظر پولیس الگ سے سیکیورٹی نہیں دے سکتی۔ سوائے ان لوگوں کے جن کو سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر قانونی طور پر پہلے ہی سیکیورٹی فراہم کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہائی پروفائل شخصیات جیسے بلاول بھٹو زرداری ، میاں شہباز شریف کو الیکشن مہم کے دوران زیادہ سیکیورٹی دی گئی ، کیونکہ انکے لیے سیکیورٹی خدشات زیادہ ہیں،تاہم علاقائی رہنما اور مقامی امیدواروں سے لوگوں کو شکایات ہیں تواس مسئلے کو انکو یا انکی جماعت کے کارکنان کو خود حل کرنا ہے ۔تاہم پولیس اس حوالے سے حکمت عملی ضرور بنا رہی ہے کہ کسی کو قانو ن ہاتھ میں نہ لینے دیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ امیدوار اپنے کارکنان کے ساتھ اپنے لئے ذاتی سیکیورٹی بھی رکھ سکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پولیس کو یہ ہدایات ملی ہیں کہ جن امیدواروں کی مہم کا شیڈول پولیس کے پاس ہے ، انکی مہم کے دوران روٹس کو کلیئر رکھا جائے گا اور اس دوران قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش پرسخت کارروائی کی جائیگی ۔ کیونکہ الیکشن مہم کے دوران لوگوں سے ملنا امیدوار کا حق ہے ، اس دوران امن و امان کی صورتحال کوبہتر رکھنے کے لیے پولیس ہر ممکن اقدامات کرے گی۔