عمران خان کو لایا گیا، ق لیگ سے بھی بہتر ماحول ملا:نثار
حکومت میں شمولیت کی پیشکش رد کر دی، احتساب بلاتفریق ہونا چاہیے نوازشریف نے عمران خان کیخلاف پریس کانفرنس کرنے کا کہا تھا:گفتگو
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )سابق وزیر داخلہ چودھری نثار نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو لایا گیا ہے ،عمران خان کو بیٹنگ وکٹ ملی ہے جس میں نہ پیس ہے اور نہ وہ سپن لے رہی ہے ۔ عمران خان کو ایسی بیٹنگ وکٹ ملی جہاں انہیں صرف سیدھا کھیلنا ہے ، لیکن وہ پہلے سیدھا کھیلیں تو سہی، اچھی ٹیم میدان میں اتاریں۔ عمران خان کو ق لیگ کی حکومت سے بھی بہتر ماحول ملا ہے ۔ ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ احتساب بلا تفریق ہونا چاہیے ، یہ کوئی احتساب نہیں کہ اپوزیشن کو رگڑا دیا جائے لیکن حکومت کے ساتھ شامل لوگوں کو کوئی پوچھنے والا نہ ہو ۔ اس سوال ، کیا عمران خان کٹھ پتلی اور سلیکٹڈ وزیراعظم ہیں ؟ کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کو لا یا گیا ہے ،اس کے آگے بہت کچھ کہہ سکتا ہوں لیکن نہیں کہوں گا۔ عام انتخابات سے چار ہفتے قبل ایک دوست کے گھر پر عمران خان سے ملاقات ہوئی تھی جس میں انہوں نے مجھے پی ٹی آئی میں شرکت کی پیشکش کی تھیں لیکن میں نے انکار کردیا ، سیاسی صورتحال کے باعث مجھے پتہ تھا کہ وہ وزیراعظم بن رہے ہیں ۔تحریک انصاف کی حکومت آنے کے بعد بھی حکومتی ایوانوں سے رابطوں کی کوشش کی گئی لیکن میں نے ایک بار پھر انکار کردیا کیونکہ میں اس سٹیج پر نہیں بیٹھ سکتا تھا جہاں پر شریف خاندان کے خلاف بات ہو رہی ہو ۔ پارٹی کے کچھ رہنما میاں نواز شریف کے کان بھرتے تھے اور کہتے تھے کہ چودھری نثار کبھی کیوں عمران خان کیخلاف بات نہیں کرتے ، اس حوالے سے ایک بار میاں نواز شریف نے بھی مجھ سے بات کی اور پریس کانفرنس کا کہا لیکن میں مری چلا گیا اور بیان جاری کردیا کہ میں پریس کانفرنس نہیں کرونگا۔ سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ پارٹی کی قیادت کو کہا تھا کہ آئیں نوازشریف کو قائل کریں کہ اچھے انداز میں معاملات آگے لے کر جائیں، میاں نواز شریف سے جب میں ملا تو انہوں نے مجھ سے اتفاق کیا، میاں صاحب نے ایک انقلابی کو بٹھایا ہوا تھا جس نے یہ سب کیا۔