ابھی نظام نہیں بدلا , مرغی چور جیل میں , 1500 ارب چرانے والا پی اے سی کا چیئرمین , وزیر اطلاعات

ابھی نظام نہیں بدلا , مرغی چور جیل میں , 1500 ارب چرانے والا پی اے سی کا چیئرمین , وزیر اطلاعات

شہباز کے پروٹوکول میں 6،6 گاڑیاں،اس مرغی چور کی سال سے ضمانت نہیں ہوئی جبکہ 300ارب باہر بھیجنے والے باپ بیٹی کی ضمانت ہوگئی،یہ نظام کی ناکامی ہے ،فواد چودھری افسوس مڈل کلاس کو ریلیف نہیں دے پارہے ،126روزہ دھرنے نے نئے پاکستان کی بنیاد رکھی،عمران خان اور نیا پاکستان کے موضوع پر کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب

اسلام آباد(نمائندہ دنیا،اے پی پی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہاہے کہ وزیراعظم کی جدوجہد کی بدولت نواز شریف اورآصف زرداری کا اصل چہرہ عوام کے سامنے آ یا،دونوں کی سیاست قصہ پارینہ بن چکی ہے ۔ انکی سیاست میں اب کوئی اہمیت نہیں ہے ،سیاسی طور پر تحریک انصاف کو کسی قسم کا کوئی چیلنج نہیں ہے ۔ نظام کی خرابی کی وجہ سے 15مرغیاں چوری کرنے کے الزام میں ایک شخص اڈیالہ جیل میں ایک سال سے بند ہے جبکہ15سو ارب چوری کرنے والا پی اے سی کا چیئرمین اور 300ارب روپے بیرون ملک بھیجنے والے باپ بیٹی کی ضمانت ہو جاتی ہے ،مرغی چور کی ایک سال سے ضمانت نہیں ہوئی لیکن ملک لوٹنے والوں کو 4 ماہ میں ضمانت مل گئی، 15سو ارب روپے چوری کرنیوالا پی اے سی میں ہے ، شہباز شریف کے پروٹوکول میں 6،6 گاڑیاں موجود ہیں،یہ سسٹم کی ناکامی ہے ۔جمعہ کو نیشنل پریس کلب میں عمران خان اور نیا پاکستان کے موضوع پر کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ عمران خان نے جو تحریک چلائی وہ عام انسان کی آواز بنی،نوجوان نسل میں آنیوالے انقلاب میں 22 سالہ جدوجہد شامل ہے ۔ آج مڈل کلاس تکلیف میں ہے لیکن حکومت کے پاس ریلیف کیلئے پیسہ نہیں، ہمیں افسوس ہے کہ مڈل کلاس کو فوری طورپر ریلیف نہیں دے پارہے ، سیلری کلاس پر ہی ٹیکس ہیں گیس کی قیمتوں پر ہم نے سلیب لگا کر 60 سے 65 فیصد لوگوں کو بچایا ۔آج میڈیا سے لوگوں کو نکالا جارہا ہے ۔ میڈیا نے 38 سے 40ارب روپے کمائے ہیں مگر کسی کو پتہ نہیں کہ یہ پیسے کہا ں گئے نہ کوئی ٹیکنالوجی آئی اور نہ ہی یہ ورکروں پر خرچ کیے گئے ، اداروں میں لوگوں کو میڈیکل الائونس تک نہیں ملے ، یہ سارے پیسے اوپر بیٹھی اے کلاس کھا گئی۔ حکومت کی آمدنی 5ہزار 647 ارب روپے ہے جس میں سے 2 ہزار ارب روپے قرضوں کے سود پر دے رہے ہیں جو گزشتہ 10 سال میں لئے گئے تھے ،1700 ارب روپے دفاع پر لگاتے ہیں جبکہ وفاقی حکومت منفی 632 روپے سے کام شروع کرتی ہے ، ماضی کی حکومتوں نے ملکی اثاثوں کو گروی رکھوا کر قرض لیے ۔ سندھ کا ترقیاتی بجٹ 2ہزار ارب روپے ہے جس میں سے 700 ارب روپے جعلی اکائونٹس اور اومنی گروپ کے اکائونٹس میں چلا گیا جبکہ پنجاب میں 61 ہزار اساتذہ کی بھرتی اور صاف پانی کے لیے مختص پیسے اورنج لائن ٹرین میں پھونک دیئے گئے ۔ ہماری حکومت معیشت کی بنیاد ٹھیک کررہی ہے جس طرح اگر گھر کی آمدن اخراجات سے کم ہو تو گھر نہیں چلتا یہی حال پاکستان کا ہے ۔ جو لوگ کہتے ہیں کہ دھرنے نے پاکستان کی سیاست پر منفی اثرات مرتب کیے وہ سیاسی بصیرت نہیں رکھتے ، دھرنے کے پاکستان پر منفی اثرات نہیں ہوئے ، 126 دن کے دھرنے نے پاکستان کے عوام کو نیا پیغام دیا،نئے پاکستان کی بنیاد رکھی گئی اور عوام کو شعور آیا۔ ملک میں کرپشن کے خاتمے گورننس کی بہتری اور مڈل کلاس کے حقوق کی بات کی گئی یہ وہ اہم نکات ہیں جس پر ہم کھڑے ہوئے اور آج بھی کھڑے ہیں نظام تبدیل کرنے کیلئے وقت لگتا ہے عمران خان اقتدار میں آیا ہے لیکن نظام ابھی نہیں بدلا، آپ اور ہم مل کر نظام بدلیں گے ۔ فوری نظام نہیں بدل جاتے ، تحریک انصاف نے حکومت بدلی اگلے مرحلے میں نظام بدلے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں