جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کو کالعدم تنظیم قرار دے دیا گیا
مظفر آباد: (دنیا نیوز) جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کو کالعدم تنظیم قرار دے دیا گیا، آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کے محکمہ داخلہ نے اہم نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
جموں کشمیر ایکشن کمیٹی، جائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی اور عوامی ایکشن کمیٹی کے ناموں سے کام کرنے والی تنظیم کو فرسٹ شیڈول میں شامل کر دیا گیا۔
محکمہ داخلہ آزاد کشمیر کے مطابق تنظیم کو آزاد جموں و کشمیر انسداد دہشت گردی ایکٹ 2014 کے تحت کالعدم قرار دیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق صدر آزاد جموں و کشمیر نے تنظیم کو پروسکرائبڈ آرگنائزیشن قرار دینے کی منظوری دے دی۔
حکومت آزاد کشمیر کے مطابق تنظیم کے خلاف امن و سلامتی کو نقصان پہنچانے کے معقول شواہد موجود ہیں۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تنظیم ریاست میں انتشار پیدا کرنے میں ملوث پائی گئی، محکمہ داخلہ کے مطابق تنظیم عوام کو خوفزدہ کرنے اور معاشرے میں عدم تحفظ کا احساس پیدا کرنے میں ملوث ہے۔
محکمہ داخلہ کے نوٹیفکیشن میں تنظیم پر نفرت کو فروغ دینے اور ریاستی امن کو متاثر کرنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں، ایکشن کمیٹی کو آزاد کشمیر کے انسداد دہشت گردی ایکٹ 2014 کے سیکشن 12 کے تحت کالعدم قرار دیا گیا۔
محکمہ داخلہ آزاد کشمیر نے ایکشن کمیٹی کے تمام متبادل نام بھی نوٹیفکیشن میں شامل کر دیئے، نوٹیفکیشن کے مطابق کالعدم قرار دی گئی تنظیم کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
نوٹیفکیشن کی کاپیاں تمام وزرا، وفاقی وزارت داخلہ اور متعلقہ اداروں کو ارسال کر دی گئیں، نوٹیفکیشن آزاد کشمیر کے صدر، وزیراعظم، چیف سیکرٹری اور سیکرٹریز کو بھی بھجوا دیا گیا۔
تمام ڈپٹی کمشنرز، ایس ایس پیز، سی ٹی ڈی اور سپیشل برانچ کو نوٹیفکیشن ارسال کردیا گیا، آزاد جموں و کشمیر انسداد دہشت گردی ایکٹ 2014 کے تحت تنظیم کو کالعدم قرار دیا۔