فیصل آباد میں سیوریج لائن کی صفائی کے دوران دم گھٹنے سے 4 مزدور جاں بحق

فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد کے فیڈمک انڈسٹریل ایریا میں سیوریج لائن کی صفائی کے دوران زہریلی گیس کے باعث چار مزدور جاں بحق ہو گئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق متاثرہ افراد 18 فٹ گہری نئی سیوریج لائن کی صفائی کر رہے تھے کہ اچانک زہریلی گیس کے اثر میں آ گئے، جس کے نتیجے میں چاروں مزدور جان کی بازی ہار گئے۔

جاں بحق ہونے والوں کی شناخت رفعت اللہ، کفائت اللہ، حسن اور دلاور کے ناموں سے ہوئی ہے، ریسکیو ٹیموں نے کارروائی کرتے ہوئے لاشوں کو سیوریج لائن سے نکال کر الائیڈ ہسپتال منتقل کر دیا۔

واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ندیم ناصر نے چھ رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ انکوائری رپورٹ کی روشنی میں ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر ندیم ناصر نے جاں بحق مزدوروں کے اہلِ خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی مکمل تحقیقات کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں