آئرلینڈ نے اسرائیل کے دو انہتا پسند وزرا پر سفری پابندی عائد کر دی

ڈبلن: (دنیا نیوز) فلسطینیوں سے متعلق متنازع بیانات پر عالمی سطح پر اسرائیلی وزرا کی مخالفت میں اضافہ ہو گیا ہے جبکہ آئرلینڈ نے اسرائیل کے دو انتہا پسند وزرا کے ملک میں داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی وزیر قومی سلامتی اتمار بن گویر اور وزیر خزانہ بیزالیل سموٹرچ پر سفری پابندی نافذ کر دی گئی ہے۔

آئرش وزیراعظم مائیکل مارٹن نے کہا کہ فلسطینیوں کے خلاف دیے گئے بیانات ناقابل قبول ہیں اور ایسے خیالات بین الاقوامی اصولوں اور انسانی حقوق کے منافی ہیں۔

مائیکل مارٹن کے مطابق دونوں اسرائیلی وزرا نے فلسطینیوں کو ان کی سرزمین سے مٹانے کی خواہش کا اظہار کیا، جس پر آئرلینڈ نے سخت مؤقف اختیار کیا ہے۔

عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ اتمار بن گویر اور بیزالیل سموٹرچ پر متعدد دیگر ممالک بھی پہلے ہی پابندیاں عائد کر چکے ہیں جبکہ ان کے بیانات اور پالیسی مؤقف پر بین الاقوامی سطح پر تنقید کا سلسلہ جاری ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں