ایرانی بحریہ کا امریکی جنگی جہازوں کو پسپا کرنے کا دعویٰ
تہران: (دنیا نیوز) ایرانی بحریہ نے دعویٰ کیا ہے کہ خلیج عمان میں امریکی جنگی بحری جہازوں کی پیش قدمی کے جواب میں کارروائی کی گئی، جس کے بعد امریکی جہازوں کو پیچھے ہٹنا پڑا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق دو امریکی ڈسٹرائر ریڈیو وارننگ کو نظر انداز کرتے ہوئے آبنائے ہرمز کے قریب پہنچے، جس پر ایرانی بحریہ نے ردعمل کا مظاہرہ کیا۔
رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ امریکی ڈسٹرائرز کی جانب قادر میزائلوں اور شاہد ڈرونز کا رخ کیا گیا، جس کے بعد دونوں جنگی جہاز بحرِ ہند کی جانب واپس چلے گئے۔
ایرانی بحریہ نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکی جنگی جہاز دوبارہ اسی علاقے میں واپس آئے تو ان کے خلاف لانگ رینج میزائل استعمال کیے جائیں گے۔
تاہم اس دعوے کے حوالے سے امریکی حکام کی جانب سے فوری طور پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، اور ایرانی میڈیا کی ان اطلاعات کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔