ایران کشیدگی کا خواہاں نہیں، علاقائی استحکام و تعاون کو فروغ دینا چاہتے ہیں: عراقچی

تہران: (دنیا نیوز) ایران نے ایک بار پھر خطے میں کشیدگی نہ بڑھانے اور سعودی عرب سے تعلقات مضبوط بنانے کا عزم دہرایا ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ دنیا کی سب سے بڑی جوہری طاقت کے خلاف 40 دن تک ڈٹے رہنا معمولی بات نہیں، اور عالمی برادری نے ایرانی قوم کی حقیقی طاقت اور استقامت کو تسلیم کر لیا ہے۔

عباس عراقچی نے کہا کہ ایران کے خلاف کسی بھی کارروائی کے لیے استعمال ہونے والے امریکی اڈے جائز اہداف تصور کیے جائیں گے،ایران نے خطے کے ممالک کو امریکی اڈوں کے ممکنہ استعمال کے حوالے سے پیشگی خبردار کر دیا تھا۔

ایرانی وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ ایران خطے کے ممالک کے ساتھ کشیدگی کا خواہاں نہیں اور علاقائی استحکام و تعاون کو فروغ دینا چاہتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران سعودی عرب کے ساتھ پائیدار، مثبت اور تعمیری تعلقات کے فروغ کے لیے پرعزم ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی کوششیں جاری رہیں گی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں