پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سرمایہ کاری کے متعدد معاہدے طے

ریاض: (دنیا نیوز) پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون بڑھانے کے لیے متعدد اہم معاہدے طے پا گئے ہیں، یہ پیش رفت پاکستان سعودیہ جوائنٹ بزنس کونسل کے دو روزہ اجلاس کے دوران سامنے آئی۔

حکام کے مطابق سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان پورٹس اور موٹر ویز کی تعمیر و ترقی کے حوالے سے معاہدہ طے پایا، جبکہ حیدرآباد-کراچی موٹر وے کی تعمیر کے لیے بھی دونوں ممالک کے درمیان اتفاق ہوا، اس کے علاوہ ریئل اسٹیٹ اور معدنیات کے شعبوں کی ترقی کے لیے بھی معاہدے کیے گئے۔

معاہدوں پر دستخط سابق نگراں وفاقی وزیر گوہر اعجاز کی موجودگی میں کیے گئے، جبکہ سعودی وفد کے سربراہ شہزادہ منصور بن السعود نے معاہدوں پر دستخط کیے۔

حکام کے مطابق ایس آئی ایف سی اور پاکستان سعودیہ جوائنٹ بزنس کونسل کی میزبانی میں ہونے والے اجلاس کی مشترکہ صدارت گوہر اعجاز اور فواد مختار نے کی، جبکہ سعودی وفد کی قیادت شہزادہ منصور بن السعود نے کی۔

اجلاس میں وفاقی وزیر مصدق ملک، علی پرویز ملک اور مشیر نجکاری محمد علی سمیت دیگر حکام نے بھی شرکت کی۔

حکام کے مطابق سعودی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں مشترکہ سرمایہ کاری کے منصوبوں، پاور سیکٹر، ٹرانسمیشن لائنز، اسمارٹ میٹرنگ، پیٹرولیم اور معدنیات کے شعبوں میں موجود مواقع کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس دوران دونوں ممالک کے درمیان بزنس ٹو بزنس اور حکومتی سطح پر بھی ملاقاتیں ہوئیں۔

گوہر اعجاز نے کہا کہ سعودی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی پاکستان میں سرمایہ کاری انتہائی اہمیت کی حامل ہے اور پاکستان سرمایہ کاروں کے لیے ایک پرکشش ملک بن چکا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو خصوصی مراعات دی جا رہی ہیں اور پاکستان میں سرمایہ کاری پر بہتر منافع کے مواقع موجود ہیں۔ گوہر اعجاز کے مطابق پاکستان مضبوط دفاعی قوت کے ساتھ ساتھ ایک مضبوط معاشی طاقت بن کر بھی ابھر سکتا ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں