وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کی چینی سفیر سے ملاقات: تجارت، سیاحت اور سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق
گلگت:(دنیا نیوز) وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے اسلام آباد میں چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ سے اہم ملاقات کی، جس میں گلگت بلتستان اور چین کے سنکیانگ ریجن کے درمیان تجارت، سیاحت، سرمایہ کاری اور باہمی روابط کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران چینی سفیر کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں معدنیات، توانائی، سیاحت اور سرحدی روابط کے شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں جن سے دونوں ممالک مشترکہ طور پر فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
وزیراعلیٰ امجد حسین نے یقین دہانی کرائی کہ گلگت بلتستان میں چینی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی اور شاہراہ قراقرم کی مکمل سکیورٹی کے ساتھ بلا تعطل آمدورفت کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ تجارتی سرگرمیاں مزید فروغ پا سکیں۔
ملاقات میں سکردو اور کاشغر کے درمیان براہ راست پروازوں کے آغاز، ہنزہ میں چینی سیاحوں کے لیے آن ارائیول ویزا سہولت متعارف کرانے کی تجویز اور سیاحت کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر بھی تفصیلی مشاورت کی گئی۔
وزیراعلیٰ نے چینی حکومت اور سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ گلگت بلتستان میں موجود سرمایہ کاری کے وسیع مواقع سے بھرپور استفادہ کریں.
دوسری جانب چینی سفیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ گلگت بلتستان میں چینی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے تعاون آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments