پاکستان روبوٹکس اور مصنوعی ذہانت کے شعبے میں تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے: شزا فاطمہ

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ نے راس ایکسپو 2026 کے کامیاب انعقاد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان روبوٹکس، آٹومیشن اور اے آئی کے شعبوں میں تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔

شزا فاطمہ نے کہا کہ ملک کی جامعات، اساتذہ، طلبہ، صنعت اور مختلف ادارے مل کر ایک مضبوط ماحولیاتی نظام تشکیل دے رہے ہیں، جو پاکستان کو روبوٹکس اور جدید ٹیکنالوجی کی عالمی صنعت میں نمایاں مقام دلانے میں معاون ثابت ہوگا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ گزشتہ دو روز کے دوران منعقد ہونے والی راس ایکسپو 2026 میں جدید ٹیکنالوجی کے متعدد نمونے پیش کیے گئے، نمائش میں صنعتی آٹومیشن، مکینیکل روبوٹس، خودکار نظام، دفاعی ٹیکنالوجی، لاجسٹکس، ریسکیو اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے لیے تیار کیے گئے روبوٹس، جدید نیویگیشن سسٹمز اور سمیولیٹرز نے شرکاء کی بھرپور توجہ حاصل کی۔

شزا فاطمہ نے کہا کہ حکومت مستقبل میں بھی اس نوعیت کی نمائشوں کا انعقاد جاری رکھے گی تاکہ نوجوانوں، تعلیمی اداروں اور صنعت کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم فراہم کیا جا سکے اور ملک میں ٹیکنالوجی پر مبنی صنعت کو مزید فروغ ملے۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے ایکسپو کے دوران روبوٹکس اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے 20 ملین ڈالر کی معاونت کا اعلان کیا، اس کے علاوہ صنعت کے لیے جدید سمیولیٹرز تیار کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے تاکہ کاروباری ادارے اپنی پیداواری سرگرمیوں کا عملی جائزہ لے سکیں اور آٹومیشن کے معاشی فوائد سے بہتر انداز میں استفادہ کر سکیں۔

وفاقی وزیر نے اس تاثر کو بھی مسترد کیا کہ جدید مشینیں انسانوں کی ملازمتیں ختم کر دیں گی، ٹیکنالوجی ملازمتیں ختم نہیں کرتی بلکہ ان کی نوعیت تبدیل کرتی ہے، مستقبل میں ایسے ماہر افراد کی ضرورت ہوگی جو روبوٹس اور جدید مشینوں کو تیار کرنے، چلانے اور ان کی دیکھ بھال کی صلاحیت رکھتے ہوں۔

انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ ریاضی، الیکٹریکل انجینئرنگ، کمپیوٹر سائنس، اے آئی اور روبوٹکس جیسے شعبوں کا انتخاب کریں، کیونکہ مستقبل کی معیشت انہی مہارتوں پر استوار ہوگی، جدید ٹیکنالوجی سے لیس افرادی قوت نہ صرف نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرے گی بلکہ پاکستان کی معیشت، صنعت اور قومی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...