پی ٹی اے اور میٹا کے درمیان نوجوانوں کے آن لائن تحفظ کیلئے معاہدہ

اسلام آباد:(دنیا نیوز) پی ٹی اے اور میٹا کے درمیان نوجوانوں کے آن لائن تحفظ کے لیے معاہدہ طے پا گیا۔

 پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور میٹا کے درمیان نوجوانوں اور بچوں کے آن لائن تحفظ، محفوظ ڈیجیٹل ماحول کے فروغ اور ڈیجیٹل فلاح و بہبود کے لیے ’لیٹر آف انٹینٹ ‘ پر دستخط کر دیے گئے۔

معاہدے کے تحت پاکستان میں آن لائن مواد کے تحفظ، محفوظ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے فروغ اور صارفین کی حفاظت سے متعلق امور پر باہمی تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔

دونوں ادارے نوجوانوں اور بچوں کی آن لائن حفاظت، ذمہ دارانہ ڈیجیٹل رویوں کے فروغ، آگاہی مہمات، پالیسی مکالمے اور استعدادِ کار میں اضافے کے لیے مشترکہ اقدامات کریں گے۔

اس شراکت داری کے تحت پی ٹی اے اور میٹا متعلقہ اداروں کی صلاحیت بڑھانے، بہترین بین الاقوامی تجربات سے استفادہ کرنے اور آن لائن خطرات سے نمٹنے کے لیے مؤثر حکمتِ عملی وضع کرنے میں بھی تعاون کریں گے، تاکہ صارفین، خصوصاً نوجوان نسل، کو زیادہ محفوظ اور پُراعتماد ڈیجیٹل ماحول فراہم کیا جا سکے۔

اس موقع پر چیئرمین پی ٹی اے حفیظ الرحمٰن نے کہا کہ پی ٹی اے کا بنیادی مقصد صارفین کے لیے ایک محفوظ، قابلِ اعتماد اور ذمہ دار ڈیجیٹل ماحول کی تشکیل ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ میٹا کے ساتھ یہ شراکت داری بچوں اور نوجوانوں میں ذمہ دارانہ آن لائن رویوں کو فروغ دینے، ڈیجیٹل آگاہی بڑھانے اور آن لائن تحفظ کے نظام کو مزید مؤثر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دونوں ادارے مشترکہ کوششوں کے ذریعے پاکستان میں ڈیجیٹل تحفظ کے معیار کو مزید مضبوط بنائیں گے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...