آبنائے ہرمز پر سفارت کاری تیز، عمانی وفد تہران پہنچ گیا، قطر کا مذاکرات جاری رکھنے پر زور

تہران: (دنیا نیوز) خلیج میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران آبنائے ہرمز کے مستقبل اور بحری آمدورفت کے تحفظ کے لیے سفارتی سرگرمیوں میں تیزی آ گئی ہے، عمان کا اعلیٰ سطحی وفد تہران پہنچ گیا جبکہ قطر نے امریکا اور ایران پر زور دیا ہے کہ وہ باہمی مفاہمتی یادداشت پر مکمل عملدرآمد کرتے ہوئے آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی آزادی کو یقینی بنائیں۔

ایرانی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا کے مطابق عمانی وفد تہران میں ایرانی حکام سے ملاقاتیں کرے گا، جن میں آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کی آمدورفت کے انتظام کے لیے مشترکہ طریقہ کار پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

ایران کا مؤقف ہے کہ وہ آبنائے ہرمز جیسے اہم بحری راستے کے انتظام کو عمان کے ساتھ مشترکہ طور پر چلانے کے لیے تیار ہے، کیونکہ عمان اس آبنائے سے متصل دوسرا ساحلی ملک ہے، تاہم امریکا اور خلیجی ممالک اس تجویز کو پہلے ہی مسترد کر چکے ہیں۔

دوسری جانب قطر کے وزیراعظم و وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم آل ثانی نے دوحہ میں برطانیہ کے نئے وزیر خارجہ ایڈ ملی بینڈ سے ملاقات کے دوران فریقین پر زور دیا کہ وہ مذاکرات کے عمل کو آگے بڑھائیں اور امریکا و ایران کے درمیان طے پانے والی مفاہمتی یادداشت کی تمام شقوں پر عمل کریں۔

قطری وزارت خارجہ کے مطابق شیخ محمد بن عبدالرحمن نے کہا کہ مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد کے تحت آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی آزادی ہر صورت یقینی بنائی جانی چاہیے تاکہ علاقائی سلامتی برقرار رہے، حالیہ سفارتی پیش رفت کے نتائج محفوظ رہیں اور مشرقِ وسطیٰ میں پائیدار استحکام کو فروغ ملے۔

انہوں نے برطانیہ کے نئے وزیر خارجہ کو عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد دیتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ قطر خطے میں کشیدگی کم کرنے، سفارتی مذاکرات کو فروغ دینے اور دیرپا امن و استحکام کے لیے جامع معاہدے کی حمایت جاری رکھے گا۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...