پاکستان نے گلگت بلتستان کے انتخابات سے متعلق بھارتی بیانات مسترد کر دیئے

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے گلگت بلتستان کے انتخابات سے متعلق بھارتی بیانات مسترد کر دیئے، دفتر خارجہ نے جموں و کشمیر پر پاکستان کے موقف کا اعادہ کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان گلگت بلتستان انتخابات کے حوالے سے بھارت کے بے بنیاد بیانات کو مسترد کرتا ہے، بھارت کے یہ غیر منطقی دعوے حقائق کو خلط ملط کرنے کی ایک پرانی اور منظم کوشش کا حصہ ہیں۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق پاکستان بھارتی بیانیے کے اس تازہ اظہار کو مکمل مسترد کرتا ہے، بھارت بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقے جموں و کشمیر پر غیر قانونی قابض ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ جموں و کشمیر کا تنازع سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر سب سے طویل عرصے سے حل طلب مسئلہ ہے، یہ تنازع 1947 میں ریاست جموں و کشمیر پر بھارت کے جبری اور غیر قانونی قبضے سے پیدا ہوا۔

دفتر خارجہ کے مطابق تنازع کا واحد منصفانہ اور پائیدار حل اقوام سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر مکمل عمل درآمد میں مضمر ہے، گلگت بلتستان کے بارے میں بھارت کے بے بنیاد دعوے بھارتی قابض افواج کے مظالم سے توجہ نہیں ہٹا سکتے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان بھارت سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ تمام مقبوضہ علاقوں کو خالی کرے، 5 اگست 2019 کے بعد مقبوضہ کشمیر میں کیے گئے تمام غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات واپس لئے جائیں۔

دفتر خارجہ کے مطابق تمام کالے قوانین منسوخ، غیر جانبدار مبصرین، بین الاقوامی تنظیموں اور عالمی میڈیا کو رسائی فراہم کرے، بھارت یقینی بنائے کشمیری عوام سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق اپنے حقِ خودارادیت کا آزادانہ استعمال کریں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں