پنجاب اسمبلی کا 5 روزہ اجلاس قوم کو4 کروڑ سے زائد میں پڑا
اراکین کو فی اجلاس چھ ہزار یومیہ ،15 روپے فی کلومیٹرسفر ی الائونس ملا چھوٹے سٹاف کو اجلاس سے 7 روز پہلے ،7 روز بعد کااضافی اعزازیہ ملتا ہے
لاہور (یاسین ملک)پنجاب اسمبلی کا گزشتہ روز غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی ہونیوالا 5 روزہ اجلاس قوم کو4کروڑ سے زائد میں پڑا۔اراکین پنجاب اسمبلی نے اپنی تنخوائیں بڑھانے کے ساتھ دوران اجلاس اپنے الاؤنسز بھی تقریباً دگنا کر لئے ، یوں اب ہر اجلاس کے دوران قومی خزانے پر دگنا خرچہ پڑ رہا ہے ، پہلے تمام اراکین کو اجلاس کے دوران یومیہ 3100روپے ملتے تھے اب تمام اراکین کو ہر اجلاس کے دوران 6000روپے یومیہ دیئے جاتے ہیں جبکہ15 روپے فی کلومیٹرسفر ی الائونس بھی دیا جاتا ہے ۔گزشتہ روز غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی ہونیوالا اجلاس اپوزیشن کی ریکوزیشن پر 21فروری کو طلب کیا تھا جو25فروری تک جاری رہا ۔ اراکین اسمبلی کی حاضری کسی روز بھی سو فیصد نہ رہی ،5روزہ اجلاس میں کل 3نشستیں ہوئی ،جن میں اراکین اسمبلی کی کل 622حاضریاں لگائی گئیں۔یوں3روز میں حاضر ہونیوالے اراکین کوکل 3732000روپے دیئے جائیں گے جبکہ 2 چھٹیوں کے علاوہ اجلاس شروع ہونے سے 4 روز پہلے اور 4 دن بعد کے کل 10روز کا پورا معاوضہ تمام370اراکین کو 22200000روپے بھی ملیں گے ، یوں عملی طور پر صرف3روز ہونیوالے اجلاس کے کل 15روز کے اجلاس کے 25932000روپے اراکین اسمبلی کو دیئے جائیں گے ۔ اسمبلی کے چھوٹے سٹاف کو 300سو روپے تک روزانہ اضافی دیئے جاتے ہیں جبکہ اسمبلی کے دوسرے سٹاف کو اجلاس شروع ہونے کے سات روز پہلے اور سات روز بعد بھی کا اضافی اعزازیہ دیا جاتا ہے یوں پنجاب اسمبلی کے پورے عملہ کو 19روز کا پورا عزازیہ ملے گا ۔ اجلاس کے دوران پولیس سمیت پنجاب حکومت کے دیگر محکمے بھی متحرک رہتے ہیں جن کا خرچہ بھی سرکاری خزانے سے ہی ادا کیا جاتا ہے ۔ یوں اس اجلاس کا کل خرچہ 4کروڑ روپے سے بھی زائد ہوا ۔