گردشی قرضہ :پٹرول،ڈیزل پر5روپے لٹراضافی لیوی کی تجویز
سالانہ کھپت 20ارب ڈالر،اضافی لیوی سے سالانہ 100ارب روپے وصول ہونگے بوجھ وفاق اور صوبوں میں یکساں تقسیم کرنے کیلئے طریقہ کار مرتب کرنے کی بھی تجویز
اسلام آباد(دنیانیوز)وزیر اعظم کو گردشی قرضے کے خاتمے کیلئے اضافی لیوی عائد کرنے کی تجویزدے دی گئی ہے ۔ دستاویز کے مطابق گردشی قرضے کے بتدریج خاتمے کیلئے پٹرول اور ہائی سپیڈ ڈیزل پر 5 روپے فی لٹر کی اضافی لیوی عائد کرنے کی تجویز دی گئی ہے ۔ دستاویز کے مطابق ملک میں پٹرول اورہائی سپیڈ ڈیزل کی سالانہ کھپت 20 ارب ڈالر ہے اور اضافی لیوی عائد ہونے سے سالانہ 100 ارب روپے وصول ہوں گے ۔ دستاویز میں مزید بتایا گیا ہے کہ وفاق اور صوبوں کے بقایاجات گردشی قرضے کی کل رقم کا 26 فیصد ہیں، ان بقایاجات کو ریکور کرکے گردشی قرضے اور بینکوں کو مارک اپ پیمنٹس میں کمی لائی جاسکتی ہے ۔ دستاویز کے مطابق وزیر اعظم کو یہ بھی تجویز دی گئی ہے کہ وفاق اور صوبے بجلی کے شعبے میں دی جانے والی سبسڈیز اور گردشی قرضے کا بوجھ آپس میں یکساں تقسیم کرنے کیلئے طریقہ کار مرتب کریں۔